پاکستان کی معیشت میں بحری تجارت کو ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت حاصل ہے،ایڈ مرل ظفر محمود عباسی

 
0
506

کراچی ستمبر 27 (ٹی این ایس): عالمی اقتصادیات میں بین الاقوامی میری ٹائم انڈسٹری کے کردار کو اُجاگر کرنے اورمحفوظ جہاز رانی ، بحری سکیورٹی اور سمندری ماحول کی اہمیت پر توجہ مرکوزکرنے کے لیے دنیابھر میں ہر سال میری ٹائم کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔اس سال میری ٹائم کے عالمی دن کے لیے انٹرنیشنل میری ٹائم آرگنائزیشن نے — ’’ہمارا ورثہ ۔ بہتر جہاز رانی۔ بہتر مستقبل ‘‘ کے موضوع کا انتخاب کیا ہے۔
آج کی عالمگیر دنیا میں بحری تجارت اہم کر دار اداکر رہی ہے کیونکہ یہ دنیا بھر میں معاشرتی تبدیلی کا باعث بنتی ہے اور اُن کو آپس میں جوڑتی ہے۔بحری تجارت کا پیمانہ اور اس کی حد ، جو حجم کے لحاظ سے دنیا کی تجارت کا 80فی صد اور مقدارکے لحاظ سے 70فی صد ہے، اس کے اہم کردار کی دلیل ہے۔میری ٹائم کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کہا کہ کئی ممالک کی خوشحالی کا سمندری تجارت سے گہرا واسطہ ہے ۔
سمندر کے ذریعے سازوسامان کے آزادانہ نقل و حمل پرانحصار تجارت پر مشتمل اقتصادی نظام کی کامیابی کی کنجی ہے۔پاکستان کی معیشت میں بحری تجارت کو ریڑھ کی ہڈی کی سی حیثیت حاصل ہے۔ ہماری95 فی صد سے زائد عالمی تجارت سمندروں کے ذریعے ہوتی ہے ۔ سی پیک اور گوادر بندرگاہ کی فعالیت سے میری ٹائم سیکٹر میں آنے والی تیزی سے پاکستان کی بحری تجارت میں کئی گنا اضافہ ہو گا کیونکہ ہماری بحری راہداریوں کو علاقائی ربط کی منفرد اہمیت حاصل ہے۔
ہم جب اپنے ملک کے لیے بحری تجارت کی اہمیت سے آگاہ ہیں تو عالمی جہاز رانی پر ہمارا انحصار اور نقل حمل کی مد وسیع زرِ مبادلہ کا استعمال ہماری شپنگ انڈسٹری کے احیاء کی ضرورت کی طرف اشارہ کرتا ہے۔سربراہ پاک بحریہ کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ میری ٹائم سیکٹر میں بالعموم اور جہازرانی کی ترقی میں بالخصوص مکمل تعاون کا عزم کرتی ہے ۔ ہمیں قوی یقین ہے کہ یہ خود کفالت اور پائیدار اقتصادی ترقی کی جانب ایک اہم قدم ہو گا اور بین الاقوامی تجارت کو سہل بنائے گا۔
انہوں نے اس امر پر بھی زور دیا کہ بحری اقتصادیات کے ذریعے ترقی کے حصول میں تمام شراکت داروںکا بھر پور اور اجتماعی تعاون وقت کی اہم ضرورت ہے۔ورلڈ میری ٹائم ڈے کے موقع پر پاک بحریہ کے مختلف یونٹس اور شعبوں کی جانب سے مختلف تقاریب کا انعقاد بھی کیا گیا، ان تقاریب کامقصد عوام الناس میں اس دن کی اہمیت کو اجاگر کرنا، میری ٹائم سیکٹر کے حوالے سے شعور پیدا کرنا اور پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر کی ترقی میں پاک بحریہ کے کردار کے بارے میں آگہی کا فروغ تھا۔
اس سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف میری ٹائم افئیرز کی جانب سے سیمینار کے انعقاد کے علاوہ مضمون نویسی کے مقابلے، ٹاک شوز،لیکچرز،پاک بحریہ کے زیر انتظام چلنے والے اسکولوں اور کالجوں میں مختلف تقاریب اور پاکستان میری ٹائم میوزیم میں ایک میری ٹائم گالا کا انعقاد بھی کیا گیا جہاں مختلف اداروں کی جانب سے عوام کی دلچسپی کے لئے اسٹالز بھی لگائے گئے۔ مختلف اسکولوں کے طلباء نے پاک بحریہ کے جنگی جہاز کا دورہ بھی کیا جہاں انہیں ملکی میری ٹائم سیکٹر کی اہمیت اورمیری ٹائم سرحدوں کے دفاع میں پاک بحریہ کے کردار پر بریف کیا گیا۔ کراچی اور بلوچستان کے ساحلی علاقوں میںپاک بحریہ کے اہلکاروں کی جانب سے ساحل اور سمندر کی صفائی مہم کا انعقاد بھی کیا گیا۔