وزیراعلیٰ سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات، وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباد

 
0
387

لاہور ستمبر 27 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے بیلاروس کے سفیراندرے ارمولووچ نے ملاقات کی۔ سول سیکرٹریٹ میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پنجاب اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیااور سرمایہ کاری کے امکانات بڑھانے کا جائزہ لیاگیا۔
بیلاروس کے سفیر نے سردار عثمان بزدار کو وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا عام آدمی کی فلاح ہے اوراس ایجنڈے کی تکمیل کیلئے پوری طرح کوشاں ہیں۔نئے پاکستان میں دوست ملکوں کیساتھ سرمایہ کاری کو فروغ دیں گے۔بیلاروس اور پنجاب کے درمیان زراعت، لائیوسٹاک، صنعت، ٹیکسٹائل، آٹو موبائل اور دیگر شعبوں میں تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔
کاروباری وفود کے تبادلوں سے سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔ پنجاب اور بیلاروس کے درمیان مختلف شعبوں میں معاونت کو بڑھائیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب میں زراعت، لائیوسٹاک اور ٹیکسٹائل سیکٹر میں سرمایہ کاری کی بے پناہ گنجائش موجود ہے۔ بیلاروس کے سرمایہ کاروں کا کھلے دل سے خیرمقدم کریں گے اور مختلف شعبوں میں تعاون کیلئے قابل عمل اقدامات کئے جائیں گے۔
بیلاروس کے سفیر نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کیساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور موجودہ تعاون کو مزید آگے لے جانے کے خواہاں ہیں اور مقصد کیلئے پنجاب اور بیلاروس کے مابین بزنس وفود کے زیادہ سے زیادہ تبادلے ضروری ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیلاروس آٹو موبائل انڈسٹری میں بہت آگے ہے، اس ضمن میں پنجاب کیساتھ تعاون کریں گے۔ زراعت اورٹیکسٹائل سیکٹر میں پنجاب حکومت کیساتھ تعاون بڑھانے کے خواہاں ہیں ۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیف ایگزیکٹو آفیسر پنجاب سرمایہ کاری بورڈ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔