بلاول بھٹو زرداری نہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں، جس کا والد آصف زرداری ہو وہ کس منہ سے کرپشن کی بات کرتا ہے‘شفقت محمود

 
0
360

لاہور اگست 06.(ٹی این ایس ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات شفقت محمود نے کہاکہ نوازشریف نے پہلے فیصلہ کیا کہ موٹروے کے راستے اسلام آباد سے لاہور آئیں گے ، مگر اب نوازشریف نے جی ٹی روڈ سے آنے کا فیصلہ کیا ہے ، یہ انکا اپنا فیصلہ جس طرح چاہیں آسکتے ہیں، ہمارا اعتراض صرف یہ ہے کہ نواز شریف کے استقبال کے لئے سرکاری مشینری ، پٹواری اور سرکاری ملازمین کو استعمال کیا جارہا ہے ، (ن) لیگ کے بلدیاتی نمائندوں اور پٹواریوں کو بھی استعمال کیا جارہا ہے، (ن) لیگ پولیس کو بھی اپنی ذاتی مفاد کے لئے استعمال کررہی ہے ،جی ٹی روڈ پر سو گاڑیاں آجائیں تو جی ٹی روڈ بند ہو جاتی ہے اور ہزاروں لوگوں کا مجمہ بن جاتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار شفقت محمود نے میاں اسلم اقبال ، نعمان چٹھہ ، مسرت جمشید چیمہ ، عاصم شوکت ، عظمیٰ کاردار کے ہمراہ چیئرمین سیکرٹریٹ گارڈن ٹاؤن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ(ن) لیگ کے درباری سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کررہے ہیں ،غریب عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں سے جھنڈے ، فلیکسز بنائی جا رہی ہیں۔ْانہوں نے کہاکہ فلیکس اور ہورڈنگز لگانے کے لئے پی ایچ پی کو فیس جمع کروائی جاتی ہے مگر (ن) لیگ نے قانون کی خلاف ورزی کی ہے،تحریک انصاف ان تمام اقدام کی مذمت کی کرتی ہے، (ن) لیگ یہ ثابت کرنے کی کوشش کررہی ہے کہ نوازشریف عوام میں بہت مقبول ہیں ،( ن) لیگ اگر عوام میں اتنی مقبول ہے تو مینار پاکستان میں جلسہ کر کے دکھائے ، اگر سیاست کا شوق ہے تو پریڈ گراونڈ میں جلسہ کریں ۔ انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے دودن کے اندر پریڈ گراؤنڈ میں ایک بڑا جلسہ کیا ہے اور اس سے پہلے پورے ملک میں بڑے بڑے جلسے کئے ہیں۔شفقت محمود نے کہاکہ ہم رانا ثناء اللہ کے اس بیان کی سخت مذمت کرتے ہیں کہ جس میں انہوں نے کہاکہ یہ فکس میچ تھا، رانا ثنا اللہ، رانا مشعود اور ن لیگی وزراء سپریم کورٹ کے فیصلے کی نفی کرکے توہین عدالت کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ریلی کے ذریعے ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلنے کی کوشش ہورہی ہے ، ان کی وجہ سے اگر جمہوریت کمزور ہوئی تو پاکستان کمزور ہوگا ، (ن) لیگ کا مقصد ہے پاکستان جائے پہاڑ میں نوازشریف کو وزیراعظم ہونا چاہئے۔ شفقت محمود نے کہاکہ نیشنل اسمبلی کی طرف سے 20 رکنی رکنی اخلاقی کمیٹی بنائی گئی ہے ، عمران خان کے خلاف جھوٹی شکایت پر قومی اسمبلی کو اخلاقیات کمیٹی یاد آگئی ، عمران خان پر لگائے گئے الزامات کی محرک مسلم لیگ ن ہے ، امیر مقام اور گورنر کے پی کے نام بھی آرہے ہیں ، تحریک انصاف تحقیقات چاہتی ہے میسجز والا ٹیکنیکل معاملہ ہے کمیٹی میں ماہر لوگ ہونے چاہئیں ، فرانزک بنیادوں پر تحقیقات ہونی چاہیے ، میں نیشنل اسمبلی کی کمیٹی کو تسلیم نہیں کرتا ، مگر کل ہمار ا پارلیمانی اجلاس ہو رہا ہے جس میں تحریک انصاف آئندہ کا لائحہ عمل تشکیل دے گی، انہوں نے نیشنل اسمبلی کی انکوائری کمیٹی میں ہمارے سیاسی مخالفین موجود ہیں و ہ تو چاہیں گے کسی طرح ہم عمران خان کے خلاف فیصلے دیں اورسیاسی میدان خالی کریں، وہ انکوائری کر رہے ہیں جن کا مقصد ہی ہمیں گرانا ہے ، ایسی جانبدار کمیٹی کو قبول نہیں کرتے ۔ شفقت محمود نے کہاکہ سپیکر نے اس وقت کمیٹی کیوں نہیں بنائی جب خواجہ آصف نے شیریں مزاری کے خلاف غیرپارلیمانی الفاظ استعمال کیا، یہ کمیٹی اس وقت کیوں نہیں بنائی گئی جب جاوید لطیف نے مراد سعید کی بہنوں کے خلاف زیر اگلا تھا اور عابد شیر علی کے بیانات پر کمیٹی کیوں نہیں بنی۔شفقت محمود نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری نہ تین میں ہیں نہ تیرہ میں، جس کا والد آصف زرداری ہو وہ کس منہ سے کرپشن کی بات کرتا ہے ، عائشہ گلالئی کے الزامات پر سپریم کورٹ کی انکوائری بھی ہوسکتی ہے اور جے آئی ٹی بھی بنائی جاسکتی ہے ۔ شفقت محمود نے کہاکہ (ن) لیگ کے امیدوار این اے 120سے بھاگ گئے ہیں ،شہبازشریف میدان میں آنے کے لئے تیار نہیں ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ پنجاب حکومت کو تنبہہ کرتے ہیں کہ اپنے لوگوں کو لگام دیں اور تحریک انصاف کی امیدوارڈاکٹر یاسمین راشد کی انتخابی کمپئین میں رکاوٹ مت بنے، تحریک انصاف نے این اے 120میں بھرپور انتخابی کیمپئن شروع کردی ہے اور انشاء اللہ تحریک انصاف حلقے میں کامیابی حاصل کرے گی۔