تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، پرویز خٹک

 
0
351

پشاور اگست 06۔(ٹی این ایس )وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ہماری اکثریت مخالفین کی سوچ سے بھی زیادہ ہے ۔ہم اُن کی تاویلات کو اہمیت نہیں دیتے ۔جماعت اسلامی ہماری اتحادی جماعت ہے اور اپوزیشن کی بیشتر جماعتوں کے ارکان اسمبلی کی حمایت بھی صوبائی حکومت کو حاصل ہے۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگر آزاد ممبران ملاکر 75 اراکین کی حمایت حاصل ہے۔ جبکہ اپوزیشن اراکین کی حمایت اس کے علاوہ ہے نہ صوبائی حکومت کوکوئی مسئلہ ہے اورنہ ہم اسمبلیاں توڑیں گے۔اُنہیں سمجھ لینا چاہیئے کہ ہم آئندہ بھی نہ صرف صوبے میں بلکہ پورے پاکستان میں حکومت بنائیں گے ۔ مخالفین احمقوں کی جنت میں ہیں نہ تو کوئی ان ہاؤس تبدیلی آئے گی اورنہ باہر سے کوئی تبدیلی مسلط کرسکتا ہے۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کاواضح موقف سامنے آچکا ہے یہ صرف دو ارکان ہیں جنہیں پی ٹی آئی نے پارٹی سے نکالا ہے یہ صرف میڈیا میں ان رہنے اور اپنا وزن بڑھانے کے لیے غلط اور منفی پرپیگنڈہ کررہے ہیں اگر ان کے پاس کچھ ہے تو سامنے لائیں ان کے پاس بارہ ارکان کہاں ہیں یہ صرف اور صرف دو ہیں۔ وہ اسلام آبا د سے واپسی کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے مخالفین حکومت گرانے کا خواب دیکھنا چھوڑ دیں یہ لوگ زمین پرپتھر گن رہے ہیں۔یہ تبدیلی اُن کو سمجھ میں نہیں آرہی ۔مخالفین سمجھ لیں کہ عوام سٹیٹس کو کے خلاف صف آرا ء ہیں اور رائے عامہ تبدیلی کیلئے ہموار ہو چکی ہے ۔ ہمارا تبدیلی کا تعمیری ایجنڈا جاری ہے اور آئندہ بھی جاری رہے گا۔پرویز خٹک نے کہا کہ لوگ ہمیشہ مجھے جوڑ توڑ کاماہر سمجھتے تھے اور اب تک حکومتیں بنانا اور گرانا میرا کام رہا ہے میری حکومت کو کون گرا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بہت سی باتیں میں میڈیا کے سامنے نہیں کرتا۔ انہوں نے کہا کہ حقیقت میں پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت پوری طرح مستحکم ہے اور اپنا کام جاری رکھے ہوئے ہے ہم اس طرف سوچ بھی نہیں رہے۔ ہم اپنے ترقیاتی ایجنڈے اور منشور پر عمل پیرا ہیں۔ تحریک انصاف کے چیئرمین ہماری بھر پور رہنمائی کررہے ہیں اوران کی واضح ہدایت کے صوبے کے تمام وسائل غریب عوام پر خرچ کیے جائیں پر عمل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قومی وطن پارٹی کی حکومت سے علیحدگی کے باوجود ہمیں واضح اکثریت حاصل ہے۔جن لوگوں کوپی ٹی آئی نے پارٹی سے نکالا ہے۔ درحقیقت وہ دوممبران ہیں اورانھوں نے میڈیا پر بہت زیادہ واویلا شروع کررکھا ہے ان کی کوئی حیثیت نہیں اور نہ ہمیں ان کی حمایت کی ضرورت ہے۔ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ ان کا رابطہ کن کے ساتھ ہے۔ انہوں نے کہا یہ دونوں اپنا وزن بڑھانے کے لیے میڈیا کے اندر غلط خبریں چلا رہے ہیں۔ اگر ان کی اتنی حیثیت ہے تو سامنے آئیں۔ ان کے پتلی تماشہ کاارمان کبھی بھی پورا نہیں ہوگا۔ حکومت اور اسمبلیاں اپنا وقت پورا کریں گی۔ عوام اور منتخب عوامی نمائندے ان کی افواہوں پر کوئی کان نہ دہریں۔انہوں نے کہا کہ ہم اپنے انتخابی منشور پر عمل پیرا ہیں اور ہمارا کام عوامی خدمت ہے۔حکومتیں گرانا اپوزیشن کے بس کی بات نہیں یہ صرف بڑکیں مار رہے ہیں۔