دوقومی نظرئیے کے مخالف آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،سربراہ پاکستان سنی تحریک

 
0
386

کراچی اگست 06.(ٹی این ایس ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ دین اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالوں کا اعلیٰ حضرت امام احمد رضا فاضل بریلوی رحمتہ اللہ علیہ نے چہرہ بے نقاب کیا ،اسلام کے حقیقی پرچار کیلئے باطل قوتوں کا علم وقلم کی طاقت سے مقابلہ کیا ،پاکستان سنی تحریک مشن اعلیٰ حضرت پر گامزن ہے ،بانی وقائد شہید محمد سلیم قادری نے اعلیٰ حضرت کی فکر کو اجاگر کیا اور اہلسنت کو بد عقیدہ عناصر کی اسلام دشمن پالیسیوں سے آگاہ کیا ،دوقومی نظرئیے کے مخالف آج بھی پاکستان کے خلاف سازشوں میں مصروف ہیں ،فرقہ واریت اور انتشار کو فروغ دینے والے دہشتگردوں کے سہولت کار ہیں ،ملکی سلامتی واستحکام کیلئے ہماری دو اعلیٰ قیادتوں نے اکابرین اہلسنت کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی کیلئے جام شہادت نوش کیا ،امن ،محبت ،بھائی چارگی رواداری کے فلسفے کو کمزور کرنے کیلئے اسلام دشمن قوتوں نے خود ساختہ مذہب مسلط کرنے کی کوشش کی جس میں وہ بری طرح ناکام ہوئے ہیں ،اہلسنت نے ہر دور میں باطل قوتوں کا مقابلہ قلم اور یکجہتی کی طاقت سے کیا ہے ،سیکڑوں کارکنوں کی شہادت کے باوجود ہم اپنے قائدین کے مشن سے نہیں ہٹے اور آخری سانس تک اسلام کی سر بلندی اور ملک کی سلامتی کیلئے جدوجہد کرتے رہینگے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائشگاہ قادری ہاؤس پر نبیرہ اعلیٰ حضرت نواسہ وخلیفہ مفتی اعظم ہند محمد منان رضا خان سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،اس موقع پر سینئر مرکزی رہنما پاکستان سنی تحریک محمد شاہد غوری ،صاحبزادہ انتصار المصطفے اعظمی ،علامہ ظہور احمد نوری ،مفتی زمان نوری ودیگر موجود تھے ،ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ ہمارے اباؤ اجدا اکابرین پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کی سوچ کے مطابق پاکستان کو اسلامی وفلاحی ماڈل ملک دیکھنا چاہتے ہیں ،دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کا کردار مثالی ہے ،دوقومی نظریہ پاکستان کی اساس ہے اس کا تحفظ ہر حال میں کرینگے ،اس موقع پر نبیرہ اعلیٰ حضرت نواسہ وخلیفہ مفتی اعظم ہند علامہ محمد منان رضاخان نے کہا کہ تاریخ میں وہ ہی قومیں زندہ رہتی ہیں جو اپنے اسلاف کے مشن اور نظریہ کو زندہ رکھتی ہیں ،دین اسلام ہمیں حق کا پرچار اور باطل کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے ،سنی تحریک کی مسلک حق اہلسنت کیلئے خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں ،سنی تحریک کے شہیدوں کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں ،دہشتگردی کے خلاف امن پسند قوتوں کو یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہونا ہوگا ،دین کے فلسفے امن ،محبت، بھائی چارگی ،برادشت ،روادری اور احترام انسانیت کو فروغ دیکرانتہاپسندی کو ناکام بنایا جاسکتا ہے۔