پنجاب حکومت نے بے گھر افراد کے لیے بڑا فیصلہ کرلیا
لاہور ستمبر 28 (ٹی این ایس): پنجاب حکومت نے بے گھر افراد کو خوشخبری سنا دی ۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے ”اپنا گھر”کے نام سے اتھارٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پنجاب حکومت نے بے گھر افراد سے اکتوبر کے وسط میں درخواستیں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ کلر کہار اور بھیرہ کے درمیان بے گھر افراد کے لیے نیا شہر آباد کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ ”اپنا گھر”اسکیم کے تحت بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے لیے پنجاب اسمبلی اور خیبر پختونخواہ اسمبلی میں قراردادیں بھی پیش کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز حکومت کے 50 لاکھ گھروں کے منصوبے کے افتتاح کی تاریخ کا اعلان بھی کیا گیا تھا۔ وزیراعظم عمران خان اگلے ماہ منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ افتتاح کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔ اعلان کیا گیا کہ وزیراعظم عمران خان 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا اگلے ماہ افتتاح کریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے منصوبے کے افتتاح کے بعد رجسٹریشن کا عمل شروع ہو جائے گا۔
حکومت کے تعمیر کردہ گھروں کے حصول کے خواہش مند لوگوں کو باقاعدہ رجسٹریشن کروانا ہوگی۔ بعد ازاں چھان بین کے بعد جائز حق داروں کا انتخاب کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار سنبھالنے کے بعد اعلان کیا تھا کہ وہ ملک کے غریب عوام کیلئے 50 لاکھ گھروں کا منصوبہ سامنے لائیں گے۔ اس منصوبے کے تحت غریبوں کے لیے 50 لاکھ خصوصی گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ اس منصوبے کے سلسلے میں وزیراعظم عمران خان کے لندن میں مقیم دوست انیل مسرت حکومت کو معاونت فراہم کریں گے۔ تاہم اب پنجاب حکومت نے بھی بے گھر افراد کو گھر فراہم کرنے کے لیے ”اپنا گھر” اسکیم کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے درخواستیں اکتوبر کے وسط میں طلب کی جائیں گی۔