سردار تنویر الیاس خان سے ترک وفد کی ملاقات، مشیر حکومت پنجاب نے دونوں ملکوں کے تعلقات کو تاریخی اور گہرے برادرانہ قرار دیا

 
0
241

اسلام آباد 06 جنوری 2021 (ٹی این ایس): شیر وزیراعلیٰ پنجاب اور چیئرمین پنجاب انوسٹمنٹ بورڈ سردار تنویرالیاس خان سے ترکی سے آئے ہوئے وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔ملاقات میں ترکی کے ” بون پروڈکشن کمپنی” کے وفد کی سربراہ میڈم نالان دل کے علاوہ خبیب فاؤنڈیشن کے پاکستان میں چیئرمین ندیم احمد ، بریگیڈیر (ر) افتخار، پی ایف یو جےکےسابق صدرافضل بٹ ، ڈیجیٹل میڈیا سٹیٹ ویوز کے ایڈیٹرسید خالدگردیزی اوردیگراحباب بھی موجودتھے۔

اس موقع پر سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ترکی اورپاکستان کے درمیان گہرے تاریخی تعلقات ہیں اور دونوں ملکوں کے عوام کے مابین بھی یک جان اور دو قالب ہیں۔تنازعہ کشمیر ہو یا فلسطین یا خطے میں کسی بھی ملک میں انسانی حقوق کا معاملہ ہو ترکی اور پاکستان کا موقف اور نقطہ نظر ایک ہوتا ہے جو ایشوز پردونوں ملکوں کے درمیان گہری ہم آہنگی کا اظہارہے۔ دونوں ممالک کے درمیان کئی مشترکہ منصوبوں پر کام ہورہا ہے۔دونوں ملکوں کے لوگ یک جان اور دو قالب کی مانند ہیں۔لوگوں کے درمیان انتہائی گہرے دوستانہ تعلقات اور بھائی چارہ قائم ہے۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان کو ایکسپورٹ بڑھانے سمیت کئی شعبوں میں ترکی کی معاونت حاصل ہے۔انہوں نے ترک حکومت اور عوام کو پنجاب حکومت کی طرف سے یہ پیشکش بھی کی کہ وہ پاکستان آئیں اور پنجاب میں جہاں بھی سرمایہ کاری کرنا چاہیں ہم انکو ہر ممکن تعاون اور سپورٹ مہیا کرنے کوتیار ہیں۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر کےلئے ترک حکومت اور عوام کے جذبات کو ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اسی طرح پاکستان پر جب بھی سیلاب یا زلزلے کیصورت میں کوئی مشکل وقت آیا تو ترکی کندھے سے کندھا ملا کر کھڑا ہوا۔

سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی ترقی و خوشحالی کی پالیسی کو ہم آگے بڑھا رہے ہیں جس کیوجہ سے ترکی اورپاکستان کے لوگوں کے درمیان تعلقات میں بھی مزید پختگی آئے گی۔