وفاق کے بعد حکومت نے پنجاب میں بھی اپوزیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے، حکومت کا حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے کا فیصلہ

 
0
355

لاہور جنوری 02 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف نے وفاق کے بعد پنجاب میں بھی اپوزیشن کے سامنے گھٹنے ٹیک دئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے پنجاب میں بھی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ اس سے قبل پنجاب حکومت کی جانب سے اپوزیشن پر تنقید کی جا رہی تھی لیکن اب پنجاب حکومت اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کو ہی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چئیرمین بنانے پر آمادہ ہو گئی ہے۔ذارئع کے مطابق پنجاب حکومت نے ”کچھ لو اور کچھ دو” کے فارمولے پر حمزہ شہباز کو چئیرمین شپ دینے پر رضامندی کا اظہار کیا۔ ذرائع نے بتایا کہ اس معاملے پر صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت صوبائی کابینہ کو اعتماد میں لینے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ وزیر قانون نے سات جنوری سے قبل ہی یہ معالات طے کرنے کی کوششوں کا آغاز رکھا ہے۔ حکومت اپوزیشن سے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ کے بدلے میں قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل اور قانون سازی میں معاونت مانگے گی۔ذرائع نے بتایا کہ پنجاب اسمبلی کے اگلے اجلاس میں پی اے سی سمیت تمام قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل ہو جائے گی۔ وزیر قانون راجہ بشارت اس حوالے سے جلد حمزہ شہباز شریف سے رابطہ بھی کریں گے۔ واضح رہے کہ وفاق کے بعد پنجاب میں بھی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن کو دینے پر حکومتی جماعت میں صوبائی کابینہ اور تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی میں دوگروپ بن گئے تھے۔ ۔ صوبائی وزرا سردار سبطین خاں، فیاض الحسن چوہان، عبدالعلیم خان، چودھری ظہیر الدین سمیت کئی ارکان اسمبلی نے حمزہ شہباز کو پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی دینے کی مخالفت کی تھی۔ تاہم اب پنجاب حکومت نے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی سربراہی اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کو دینے کا فیصلہ کر لیا۔