چاہتے ہیں طالبان حکومتِ افغانستان سے مذاکرات کرنے سے انکار کو ترک کردیں، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی

 
0
367

امن مذاکرات افغانوں کے مسائل حل کرنے کی ایک کوشش ہے طالبان کے خیال میں افغان محض کٹھ پتلی حکومت ہے، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد جنوری 11 (ٹی این ایس): وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہاہے کہ چاہتے ہیں طالبان حکومتِ افغانستان سے مذاکرات کرنے سے انکار کو ترک کردیں تاکہ 17 سال سے جاری تنازع کے حل کے سلسلے میں مذاکرات کیے جاسکیں۔ایک انٹرویو میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ امن مذاکرات افغانوں کے مسائل حل کرنے کی ایک کوشش ہے تاہم ہم چاہتے ہیں کہ وہ مل کر بیٹھیں کیونکہ جب تک وہ خود بیٹھ کر ایک دوسرے سے بات چیت نہیں کریں گے بیرونی قوتیں کچھ خاص مدد نہیں کرسکتیں۔انہوںنے کہاکہ پاکستان نے گزشتہ ماہ امریکا اور افغان طالبان کے درمیان ابو ظہبی میں ملاقات کیلئے معاونت فراہم کی جس میں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے بھی شرکت کی اور ان مذاکرات کو ’مثبت‘ اور ’نتیجہ خیز‘ قرار دیا تھا لیکن اس کے باوجود طالبان اپنے موقف پر ڈٹے ہوئے ہیں کہ وہ افغان حکومت سے مذاکرات نہیں کریں گے جو ان کے خیال میں محض کٹھ پتلی حکومت ہے، اور وہ چاہتے ہیں کہ پہلے امریکا کے ساتھ افغانستان سے غیر ملکی افواج کی واپسی کے بارے میں کوئی حل نکل آئے اس کے بعد حکومت سے مذاکرات پر غور کیا جائے گا۔