ٹویٹر انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا اکاؤنٹ معطل کر دیا، پاکستان تحریک انصاف کی ٹویٹڑ انتظامیہ سے اکاؤنٹ بحال کرنے کی درخواست

 
0
468

لاہور جنوری 19 (ٹی این ایس): مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر کی انتظامیہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹرشہباز گل کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹویٹر اکاؤنٹ معطل ہونے کے حوالے سے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا کہنا تھا کہ انہیں پالیسی قوانین کی خلاف ورزی کے حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔انہوں نے بتایا کہ مجھے کوئی ایسی اطلاع نہیں دی گئی جس میں مجھے ٹویٹر اکاؤنٹ معطل کرنے کی وجہ سے متعلق آگاہ کیا گیا ہو۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر اکثر ہی پنجاب حکومت سے متعلق گردش کرنے والی افواہوں اور جھوٹی اور بے بنیاد خبروں سے متعلق وضاحتی پیغام جاری کرتے تھے۔ ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر شہباز گل کا ٹویٹر اکاؤنٹ معطل ہونے پر حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف نے اپنے ٹویٹر پیغام میں انتظامیہ سے پالیسی قانون وضع کرنے اور اس معطلی کو فوری طور پر ختم کر کے ڈاکٹر شہباز گل کا اکاؤنٹ بحال کرنے کی درخواست کی ہے۔اپنے ٹویٹر پیغام میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ٹویٹر انتظامیہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے ترجمان ڈاکٹر شہباز گل کا اکاؤنٹ بظاہر ٹویٹر قوانین اور پالیسی کی خلاف ورزی کیے بغیر ہی معطل کر دیا گیا ہے۔ ٹویٹر پیغام میں کہا گیا کہ انتظامیہ سے درخواست ہے کہ اس معاملے کو دیکھیں اور اکاؤنٹ معطلی کو جلد از جلد ختم کر کے ترجمان وزیراعلیٰ پنجاب کا اکاؤنٹ بحال کیا جائے۔