سابق ڈی پی او گجرات رائے ضمیر کے ساتھی ملزم سب انسپکٹر سید اختر حسین نے ضمانت پر رہائی کیلئے ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا

 
0
385

محکمے سے بطور سزا فارغ ہو چکا ،انکوائری کے ایک سال بعد گرفتار کر لیا گیا ،بے ضابطگیوں کے کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے‘موقف

لاہور جنوری 19 (ٹی این ایس): سابق ڈی پی او گجرات رائے ضمیر کے ساتھی ملزم سب انسپکٹر سید اختر حسین نے ضمانت پر رہائی کے لئے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔درخواست میں چیئرمین نیب اور تفتیشی افسر کو فریق بنایا گیا ہے ۔ ملزم سب انسپکٹر سید اختر حسین نے موقف اپنایا ہے کہ گجرات میں بطور موٹر وہیکل ٹرانسپورٹ آفیسر فرائض انجام دیتا رہا ہوں، سابق ڈی پی اور گجرات رائے ضمیر نے کرائم کنٹرول میٹنگ کے بعد پیٹرل، آئل اور لبریکنٹ کی سہولیات ڈرائیوروں کو دینے کی ہدایت کی، رائے ضمیر کی ہدایات پر پولیس کی گاڑیوں کو زیادہ پیٹرول فراہم کرتا رہا، سرکاری طور پر گجرات پولیس کو 176 گاڑیوں کیلئے سالانہ 3 لاکھ 5 ہزار 960 لیٹر پیٹرول مقرر تھا، سابق ڈی پی او رائے ضمیر کی سربراہی میں گجرات پولیس نے 2016-17 کے دوران 5 لاکھ 55 ہزار 140 لیٹر پیٹرول استعمال کیا، محکمے سے بطور سزا فارغ ہو چکا ہوں اور انکوائری کے ایک سال بعد گرفتار کر لیا گیا ہے۔درخواست گزار نے مزید موقف اپنایا کہ سابق ڈی پی او گجرات کے ماتحت ہونے کے باعث زیادہ پیٹرول استعمال کرنے کی ہدایات کیخلاف ورزی نہیں کر سکتا تھا، انڈر میٹرک ہوں اور ایک ہی وقت میں سب انسپکٹر اور موٹروہیکل ٹرانسپورٹ آفیسر کے فرائض انجام دینے کے سبب اچھا کام نہیں کر سکا، گجرات پولیس میں بے ضابطگیوں سے کوئی تعلق نہیں، آئین تمام شہریوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعاہے کہ محکمہ پولیس میں بے ضابطگیوں کے کیس میں ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا جائے۔