نوازشریف اور ان کا خاندان پاناما کیس میں جواب نہیں دے سکا، فواد چوہدری

 
0
703

اسلام آباد اکتوبر 23 (ٹی این ایس)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور ان کا خاندان پاناما کیس میں جواب نہیں دے سکا۔سپریم کورٹ میں عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے بعد عدالت کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان نے 41 سال پرانا ریکارڈ بھی عدالت میں جمع کرایا جب کہ جائما خان نے تمام پیسے کی منی ٹریل بھیجی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ جمائما کی بھیجی گئی منی ٹریل بینک ٹرانزیکشن ہے کسی قطری کا خط نہیں۔تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ جس دن جمائما خان نے پہلی منی ٹریل بھیجی تھی ان کا کیس ختم ہوگیا تھا جبکہ جج صاحب نے بھی کہا کہ آپ کا کیس تو ختم ہوگیا ہے۔فواد چوہدری نے کہا کہ جج صاحبان نے حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ کو سمجھانے کی کوشش کی تاہم وہ کیس کو طوالت دینا چاہتے ہیں اور انہوں نے مزید دو روز مانگ لئے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سپریم کورٹ کسی کی خواہش پر فیصلہ نہیں کرتی اور نا ہی عدالت عظمیٰ میں جوبھاٹی تھانے کا انصاف ہے یہاں حقائق کی بنیاد پر فیصلے ہوتے ہیں پاناما کیس اور عمران خان کے خلاف کئے گئے کیس میں زمین آسمان کا فرق ہے، (ن) لیگ کا کیس ختم ہوچکا ہے ٗان کے وکیل کے پاس کہنے اور کچھ نہیں وہ بلاوجہ کیس کو طول دینے کی کوشش میں وقت گزار رہے ہیں اور آج پھر دو دن کی مہلت مانگ لی۔