PJF صحافیوں کی سب سے بڑی ملک گیر تنظیم ہے‘ چوہدری سرور

 
0
375

لاہور جنوری 23 (ٹی این ایس): گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا ہے کہ کرپشن، کمیشن، بدعنوانی اور اقربا پروری کا دور گزر چکا، اب عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت میں صرف اور صرف میرٹ ہو گا۔ نااہل، کام چور اور بدعنوان عناصر کی تحریک انصاف کی حکومت میں کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا سانحہ ساہیوال ایک بدترین واقعہ ہے جس کے ذمہ دار خواہ کتنے ہی بڑے منصب پر ہوں ہماری حکومت ان کو کٹہرے میں ضرور لائے گی اور جن کے ساتھ ظلم ہوا ہے ان کو ہر صورت میں انصاف دلایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس میں پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن کے چیئرمین ذوالفقار احمد راحت کی قیادت میں ملنے والے سینئر صحافیوں، دانشوروں، کالم نگاروں اور ٹی وی اینکرز کے نمائندہ وفد سے گفتگو کے دوران کیا۔ وفد میں معروف کارٹونسٹ جاوید اقبال، سینئر صحافی میاں سیف الرحمن، عدنان ملک، انیق ناجی، خالد آفتاب، شکیل ملک، نعیم ثاقب، افضل ملک، وسیم اے محمود، ذبیح اللہ بلگن، اسداللہ خان، فاطمہ سیف، امجد اقبال، شاہد نذیر چودھری، مرزا عامر خورشید بیگ، ریحان اظہر، حافظ زین، رانا عمران لطیف، محمد عمران بلوچ، شاہد اقبال سمیت سینئر صحافی شامل تھے۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ 5 ماہ میں تحریک انصاف کی حکومت نے ملکی معیشت کی سمت درست کی ہے، بڑے پیمانے پر ناجائز تجاوزات ختم کر کے اربوں روپے کی سرکاری اراضی کو واگزار کرایا ہے، لاکھوں افراد کے روزگار کیلئے منصوبہ بندی جاری ہے، وزیراعظم عمران خان کے سعودی عرب، ملائشیا، چین، یو اے ای اور قطر کے کامیاب دوروں سے یہ بات ثابت ہو گئی ہے کہ اگر لیڈرشپ کی کریڈیبلٹی ہو تو جہاں پر پاکستان کی پوری دنیا میں عزت میں اضافہ ہو گا وہاں پر پاکستان کے دوست ممالک نے بھی دل کھول کر پاکستان کی مدد کی ہے۔ اس کا کریڈٹ عمران خان کی شفاف اور دیانتدار قیادت کو جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سانحہ ماڈل ٹاؤن اور نقیب اللہ محسود کے واقعات میں ملزمان کو سزا مل جاتی تو سانحہ ساہیوال نہ ہوتا لیکن سانحہ ساہیوال کے حوالے سے میں پوری قوم اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ اس واقعہ میں ملوث کسی بھی ملزم کو کسی صورت میں معاف نہیں کیا جائے گا اور اس میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔ چودھری سرور نے کہا کہ جی ایس پی پلس سٹیٹس پاکستان کو دلوانے کیلئے میں نے دن رات کام کیا اور اس کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ فائدہ ہوا۔ میں صاف پانی کے پراجیکٹ پر کام کر رہا ہوں اور اس حوالے سے ایک اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے جس میں خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر لوگوں کی تقرری اور تعیناتی کی جائے گی۔ اس حوالے سے مختلف این جی اوز کو بھی ساتھ ملایا گیا ہے اور میرے خاندان اور دوستوں نے اندرون اور بیرون ملک چودھری سرور فاؤنڈیشن کے ذریعے بھی کروڑوں روپے کا فنڈ دیا ہے جو عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ ایجوکیشن کے لئے کام کرنا ان کا خواب ہے، اس کے لئے اقوام متحدہ کے مشیر برائے تعلیم سابق وزیراعظم برطانیہ گورڈن براؤن جو میرا دوست ہے نے یقین دلایا ہے کہ وہ ایجوکیشن سیکٹر میں بڑی گرانٹ دیں گے جس سے پاکستان کے ایسے بچوں کے لئے تعلیم و تربیت کا اہتمام کیا جائے گا جو غربت کی وجہ سے تعلیم حاصل نہیں کر پاتے۔ انہوں نے کہا کہ انرجی سیونگ کے ذریعے ہم بہت زیادہ توانائی بچا سکتے ہیں اور یہ کلچر پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے مسلم لیگ قائداعظم کے ساتھ اختلافات اور پنجاب حکومت کے خاتمے کے حوالے سے دوٹوک انداز میں کہا کہ نہ کسی اتحادی سے لڑائی ہو گی اور نہ ہماری حکومت ختم ہو گی، مخالفین اس حوالے سے افواہیں پھیلانا بند کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں 5 سال کیلئے عوام کی خدمت کا مینڈیٹ ملا ہے اور ہماری حکومت 5 سال کی مدت پوری کرے گی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن میں سینئر صحافیوں، دانشوروں، ٹی وی اینکرز اور کالم نگاروں، سنجیدہ پیشہ ور صحافیوں کی ایک بڑی تعداد کو دیکھ کر مجھے دلی خوشی ہوئی ہے، میں پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن کے عہدیداروں اور ممبران کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ وہ صحافیوں کی تربیت، فلاح و بہبود اور میڈیا ایتھکس پر جس طرح کام کر رہے ہیں وہ وقت دور نہیں جب پاکستان جرنلسٹ فاؤنڈیشن پیشہ ور صحافیوں کی سب سے بڑی ملک گیر تنظیم ہو گی۔