گورنر سندھ کی قاتلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے ایم پی اے رمضان گھانچی سے ملاقات

 
0
498

کراچی جنوری 25 (ٹی این ایس): گورنر سندھ عمران اسماعیل نے گزشتہ رات مبینہ قاتلانہ حملہ میں زخمی ہونے والے رکن سندھ اسمبلی رمضان گھانچی سے اے او کلینک میں ملاقات کی۔ گورنر سندھ نے پی ٹی آئی کے ایم پی اے رمضان گھانچی کو پھولوں کا گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دُعا بھی کی۔ ایم پی اے رمضان گھانچی نے قاتلانہ حملے کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اُن پر حملہ کرنے والے سلیمان سومرو نامی غنڈے کو مقامی پولیس کی پشت پناہی حاصل ہے، اس حوالے سے سندھ اسمبلی میں بھی جلد بات کروں گا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ آئی جی سندھ کا مبینہ طور پر ملوث ایس ایچ او کو معطل کرکے تحقیقات کا حکم دینا احسن اقدام ہے ۔ گورنر سندھ نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ کو اس نوعیت کے واقعات پر سنجیدگی سے توجہ دینا ہوگی، اگر ایسے واقعات کی روک تھام نہ کی گئی تو اس سے امن و امان کی صورتحال مزید خراب ہوسکتی ہے۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ وفاق صوبہ بالخصوص کراچی کی تعمیر و ترقی کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کررہی ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صوبائی حکومت بھی آگے آئے اور شہر کی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے۔سوال کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے کہا کہ صاف پانی کی فراہمی یقینی بنانے کے لئے وفاقی حکومت خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ کرپشن کے بارے میں کئے گئے سوا ل کا جواب دیتے ہوئے گورنر سندھ نے واضح کیا کہ موجودہ حکومت کی کرپشن کے حوالے سے زیرو ٹالیرینس ہے، چاہے کوئی کتنا ہی بااثر ہو اگر کرپشن میں ملوث ہے تو اس کا احتساب ہر ممکن یقینی بنایا جائے گا۔