سی ڈی اے کا ایک اور بہترین فیصلہ، پلاننگ ونگ کو مزید فعال اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیےاصلاحات جاری

 
0
432

اسلام آباد مارچ 27 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے پلاننگ ونگ کو مزیدفعال اور جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے اصلاحات کا فیصلہ کیا ہے ۔اس سلسلے میں پیشہ وارانہ قابلیت کے حامل ٹیکنیکل ماہرین اور ٹاؤن پلانرز کو بہتر معاوضے اور مراعات کے ساتھ پلاننگ ونگ میں شامل کیا جائے گا تاکہ پلاننگ ونگ کی سروسز کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔

پلاننگ ونگ ادارے کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے مگرماضی میں عملے کی کمی کے باعث اس کی کارکردگی معیار کے مطابق نہیں تھی ۔عصرِ حاضر میں پلاننگ ونگ کی اہمیت کو مدنظر رکھتے ہوئے سی ڈی اے کی موجودہ انتظامیہ نے متعدد اصلاحات کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس کے تحت پلاننگ ونگ کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے ایک جامع پلان ترتیب دیا یا ہے تاکہ پلاننگ ونگ کی سروسز کو زیادہ سے زیادہ بہتر بنایا جا سکے۔

مجوزہ اصلاحات سے پلاننگ ونگ میں پیرا مڈ(Pyramid) کی طرز پر انتظامی ڈھانچہ تشکیل دیا جائے گا۔ اس سے قبل پلاننگ ونگ میں سینئر لیول پر متعدد افسران موجود تھے تاہم آپریشنل سطح پر ٹیکنیکل عملے کا شدید فقدان تھا ۔ مجوزہ پلان کے تحت غیر ضروری ڈائریکٹوریٹس سے عملے کو کم کیا جائے گا جبکہ ٹاؤن پلانرز اور ٹیکنیکل ایکسپرٹ سطح پر عملے میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔ اس پلان کے تحت بلڈنگ کنٹرول ڈائریکٹوریٹ کو تین سیکشن میں تقسیم کرنے کی بھی تجویز ہے جس سے عوام الناس کی زیرِ التواء درخواستوں پر جلد عملدرآمد کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اسی طرح مانیٹرنگ اور ایولیوایشن ڈائریکٹوریٹ بھی قائم کی جائے گی جو انفورسمنٹ کا کرادار ادا کرے گی۔

مجوزہ پلان میں یہ بھی تجویز کیا گیا ہے کہ پیشہ ورانہ قابلیت کے حامل ٹیکنیکل ایکسپرٹس کو بہتر معاوضے اورمراعات دی جائیں گی تاکہ وہ ادارے کے لیے زیادہ بہتر کام کریں۔ اس سلسلے میں پلاننگ ونگ کو مالی معاملات اور ہیومن ریسورس کے حوالے سے خود مختار کرنے کے ساتھ ساتھ اضافی تنخواہ بھی دیئے جانے کی تجویز ہے۔ اس ضمن میں ایک جامع پلان جس میں آسامیوں اور آرگینوگرام(Organogram) تیار کر نے کے علاوہ اس پر آنے والی لاگت کا تخمینہ بھی لگا لیا گیا ہے۔ان اصلاحات جن میں پرکشش تنخواہ، بہتر ایچ آر اور انتظامی ڈھانچے( Hierarchical Setup) کی ترتیبِ نو سے شہریوں کو سہولت میسر ہوگی۔ان مجوزہ اصلاحات پر گذشتہ کچھ ہفتوں سے غور جاری ہے ۔ وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی برائے سی ڈی اے کو ان اصلاحات پر بدھ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں بریفنگ بھی دی گئی۔