سی ڈی اے اوراسلام آباد انتظامیہ کی شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں کاروائیارں جاری

 
0
444

اسلام آباد مارچ 27 (ٹی این ایس): تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز کی گئی انسداد تجاوزات کاروائیوں کے دوران متعدد غیر قانونی تجاوزات کو مسمار کر کے سرکاری اراضی کو واگذار کروا لیا گیا۔ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے سیکٹر I-14/2 میں کاروائی کرتے ہوئے سرکاری زمین پر غیر قانونی قبضہ ختم کروا دیا۔غیر قانونی قبضہ کی وجہ سے الاٹی گھر بنانے سے قاصر تھے۔ ان پلاٹوں پر موضع شیخ پور کے متاثرین نے غیر قانونی قبضہ کر رکھاتھا۔ واضح رہے کہ ان متاثرین کو ا ن کی زمین کے بدلے سی ڈی اے معاوضہ جات ادا کر چکا ہے تاہم انہیں مزید ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے کسی بھی کلیم کی صورت میں متعلقہ کاغذات کے ساتھ سی ڈی اے کے لینڈ اینڈ بحالیات کے شعبہ سے رابطہ کریں۔

اسی طرح ایک اور کاروائی سنڈیمار ڈیم کے ایریاء میں کی گئی جہاں پر کچھ عناصر سرکاری اراضی پر قبضہ کر رہے تھے۔ اس آپریشن کے دوران غیر قانونی چار دیواریاں مسمار کر دیں گئیں ۔ مزید برآں ڈیم انتظامیہ کے اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ سرکاری اراضی پر دوبارہ قبضہ نہ کیا جا سکے۔

سی ڈی اے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے ایک اور انسداد تجاوزات کاروائی جی ٹی روڈ پر بھی کی جس میں ترنول سینٹر پلازہ سے لیکر اسرار مارکیٹ تک سرکاری اراضی پر قائم متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کا خاتمہ کر دیا گیا۔ اس آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ 50دکانیں، 3 ہوٹل، 4 کھوکھوں، 3 کباڑ خانوں اور 4 شیڈ سمیت متعدد تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا۔