ریلویز کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں ، آمدنی میں اضافہ کے لئے ایک سال میں 20 مال گاڑیاں چلائیں گے، وفاقی وزیر ریلویزکی میڈیا بریفنگ

 
0
369

کراچی جنوری 26 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے ریلویز شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ پاکستان ریلویز کی بہتری کے لئے اقدامات اٹھارہے ہیں، اورآمدنی میں اضافہ کے لیے ہمارا ہدف ایک سال کے اندر کم ازکم 20 مال گاڑیاں چلانے کا ہے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو مقامی ہوٹل میں میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے گزشتہ روز کراچی سے دوسری مال گاڑی کا افتتاح کیا ہے جو روزانہ کی بنیاد پر چلے گی۔انہوں نے کہا کہ تھل ایکسپریس بھی جلد شروع کردی جائے گی جس سے متعلقہ علاقہ کے مسافروں کو فائدہ ہوگا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ مسافروں کو راغب کرنے کے لئے ریلویز حکام سے کہا ہے کہ سروس اور صفائی و ستھرائی کے معیار کو بہتر بنایا جائے۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ مارچ کے آخر تک ہم دو وی وی آئی پی ٹرینیں چلانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں اور اس حوالے سے نئی ٹرین کا نام جناح ایکسپریس جبکہ دوسری ٹرین کا نام زیر غور ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلویز ملک میں سیاحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کی بروقت اور درست حکمت عملی کی وجہ سے معاشی معاملات بہتری کی طرف گامزن ہوگئے ہیں۔ اور اس حوالے سے دوست ملک نے بھی تعاون کیا۔ وفاقی وزیر نے شہباز شریف کو چیئرمین پبلک اکاونٹس کمیٹی بنانے کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک شخص جس پر مقدمات ہوں اسے کس طرح احتساب کرنے کااختیاردیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ اتحادی کی حیثیت سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے تحریک انصاف کو کرپشن کے خلاف ووٹ دیا ہے اس لیے حکومت کو کرپٹ عناصر کے خلاف کارروائی جاری رکھنی چاہیئے تاکہ ملک کرپشن کے ناسور کو نجات دلائی جاسکے۔ شیخ رشید نے مقبوضہ کشمیر کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نہتے کشمریوں پر مظالم کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قرارد ادکے مطابق حق خود ارادیت کشمریوں کا حق ہے۔ ساہیوال واقعہ کو وفاقی وزیر نے افسوسناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔