سعودی ولی عہد کی آمد، 300 گاڑیاں مختص، وزیراعظم خود محمد بن سلمان کی گاڑی چلائیں گے

 
0
2303

وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے، معزز مہمان کو ائیرپورٹ سے وزیراعظم ہاؤس لے جانے کیلئے 2 پلان تشکیل

اسلام آباد فروری 13 (ٹی این ایس): سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان 16 سے 17 فروری تک پاکستان کا دورہ کریں گے اور وزیراعظم ہاؤس میں قیام کریں گے اس سلسلے میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں ۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کابینہ سمیت سعودی ولی عہد کا استقبال کریں گے ، معزز مہمان کو ائیرپورٹ سے وزیراعظم ہاؤس لے جانے کیلئے 2 پلان تشکیل دیے گئے ہیں جس میں ممکنہ طور پر وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی گاڑی چلائیں گے، دوسرے پلان کے مطابق معزز مہمان ہیلی کاپٹر کے ذریعے وزیراعظم ہاؤس روانہ ہوں گے۔ذرائع نے بتایا کہ سعودی ولی عہد 4 طیاروں کے ساتھ لینڈ کریں گے، پاکستانی فضائی حدود میں معزز مہمان کے طیارے کو جے ایف 17 پروٹوکول حصار میں لیں گے اور پاکستان آمد پر انہیں جے ایف 17 تھنڈر سے سلامی بھی دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق ولی عہد محمد بن سلمان کے ہمراہ 102 افراد کا وفد ہوگا جن میں سے کچھ مہمان اسلام آباد کے نجی ہوٹلز میں قیام کریں گے اور اس سلسلے میں 8 ہوٹلز کی بکنگ کی گئی ہے، مہمانوں کی سیکیورٹی کے لیے 123 شاہی محافظ پہلے ہی پاکستان پہنچ چکے ہیں جو اسلام آباد کے 8 ہوٹلز کی نگرانی بھی کریں گے ، وزیراعظم ہاؤس اور 8 نجی ہوٹلز کی سیکیورٹی پاک فوج کے سپرد کردی گئی ہے۔ذرئع کے مطابق پاکستانی حکومت نے سعودی وفد کے لیے 300 لینڈ کروزرز مختص کی ہیں، معزز مہمان کو 5 حصاروں پر مشتمل وی وی آئی پی سیکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ذرائع نے بتایا کہ 80 کنٹینرز پر سعودی ولی عہد کا سامان 90 ٹرکوں میں پہنچایا گیا جن میں ان کے ذاتی استعمال کی اشیاء سمیت کافی مشین بھی پاکستان پہنچادی گئی ہے جبکہ محمد بن سلمان کے ذاتی استعمال کیلئے کچھ گاڑیاں بھی سعودی عرب سے پاکستان آئی ہیں۔معزز مہمان کو وزیراعظم ہاؤس آمد پر گارڈ آف آنر اور 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی جس کے بعدوزیراعظم عمران خان کے اعزاز میں ظہرانہ دیں گے ،ایوان صدر میں عشایہ دیا جائے گا۔واضح رہے کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان 20 ارب ڈالرز کے معاہدوں کی توقع ہے۔