نریندر مودی انتخابات جیتنے کیلئے خطے کے امن کے درپے ہے ‘ جمشید اقبال چیمہ

 
0
384

لاہور فروری 26 (ٹی این ایس): پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما جمشید اقبال چیمہ نے بھارتی فضائیہ کی در اندازی کی شدید الفاظ میں مذمت اور پاک فضائیہ کے فوری اور موثر رد عمل پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ نریندر مودی انتخابات جیتنے کیلئے خطے کے امن کے درپے ہے ،پاکستان پرامن ملک ہے اسی لئے بھارت کے جارحانہ رویے کے باوجود تحمل کا مظاہرہ کر رہا ہے ۔ پارٹی دفتر میں کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ حکومت کی جانب سے بھارت کی در اندازی کے بعد فوری اقدام کے طور پر پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلایا جارہا ہے جس کا مقصد دشمن کو یہ بتانا ہے کہ پاکستانی قوم متحد اور اپنی افواج کی پشت پر ہے ۔پاکستان کی افواج دشمن کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہیںاور بھارت کی کسی بھی کارروائی کا اس سے بڑھ کر جواب دیا جائے گا۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان کا ہر فرد مادر وطن کے تحفظ اور دفاع کی خاطراپنا خون بہانے کے لیے تیار ہے اور بھارت ہمارے اس جذبے سے بخوبی آگاہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتیں خطے کے امن کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور جارحانہ رویہ ترک کے لئے بھارت پر دبائو ڈالا جائے ۔