بھارتی پائلٹ کی رہائی، جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا احسان مند ہونے کی بجائے مضحکہ خیز پروپیگنڈا میں مصروف ہوگیا

 
0
686

اسلام آباد فروری 28 (ٹی این ایس): بھارتی پائلٹ کی رہائی، جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا احسان مند ہونے کی بجائے مضحکہ خیز پراپیگنڈا میں مصروف ہوگیا، ابھی نندن کی رہائی کے اعلان کو مودی کی فتح اور وزیراعظم عمران خان گھٹنے ٹیک دینا قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق جنگی جنون میں مبتلا بھارت کی مودی سرکار اور بھارتی میڈیا کی عقل اب بھی ٹھکانے نہیں آئی۔ گزشتہ روز پاکستان کی فضائیہ کی جانب سے منہ توڑ جواب دیے جانے، بھارت کے 2 جنگی طیارے مار گرانے اور ایک پائلٹ کو گرفتار کر لینے کے باوجود بھارتی میڈیا کا جنگی جنون ختم نہیں ہوا۔پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے جنگ کی بجائے پرامن طریقے سے معاملات کو حل کرنے کی کوشش کو بھارت نے ہماری کمزوری تصور کر لیا ہے۔ جمعرات کے روز وزیراعظم عمران خان نے جب گرفتار بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو جب رہا کرنے کا اعلان کیا، تو جنگی جنون میں مبتلا بھارتی میڈیا پاکستان کا احسان مند ہونے کی بجائے مزید زہر اگلنا شروع ہوگیا۔بھارتی میڈیا کی جانب سے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کو پاکستان کی شکست اور بھارت کی فتح قرار دیا جا رہا ہے۔ بھارتی میڈیا مضحکہ خیز پراپیگنڈا کرتے ہوئے موقف اختیار کر رہا ہے کہ بھارتی پائلٹ ابھی نندن کو رہا کرنے کا اعلان کرکے عمران خان نے بھارت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیے، شکست تسلیم کرلی۔ اس تمام صورتحال میں پاکستان کی عوام کی جانب سے بھی سخت ردعمل دیا جا رہا ہے۔عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل دیا جانا چاہیئے۔ پاکستان کو بھارتی پائلٹ ایسے وقت میں رہا نہیں کرنا چاہیئے۔ دوسری جانب میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو رہائی کے اعلان کے بعد بھارتی حکام کے حوالے کرنے کی تیاری شروع کردی گئی۔ بتایا گیا ہے کہ گرفتار بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو کل واہگہ بارڈر پر بھارتی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔بھارتی پائلٹ کو کل اس وقت گرفتار کیا گیا تھا جب بھارتی طیارے خلائی حدود کی خلاف ورزی کرتے ہوئے حملے کی غرض سے پاکستان میں داخل ہوئے، تاہم پاکستانی فضائیہ نے بھرپور انداز میں مئوثر کاروائی کی۔ پاک فضائیہ کے نوجوان پائلٹ حسن نے چند ہی لمحوں میں بھارت کے دو لڑاکا طیاروں کو مارگرایا۔ایک بھارتی طیارہ آزاد کشمیر میں گرا جبکہ دوسراطیارہ انڈیا کی حدود میں گر گیا۔پاکستان میں گرنے والے طیارے کے پائلٹ ابھے نندن کو پاک فوج نے اسی وقت گرفتار کرلیا تھا۔ تاہم پاک فوج نے بھارتی پائلٹ کونہ صرف لوگوں کے تشدد سے محفوظ رکھا بلکہ ان کے ساتھ اچھا سلوک بھی روا رکھا۔جس پر پائلٹ نے بھی پاکستانی فوج کے حسن سلوک کی تعریف کی۔ تاہم آج وزیراعظم عمران خان نے پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کیلئے بھارت کو امن کا سرپرائز بھی دیا ہے۔جس کے تحت وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں بھارت کے گرفتار پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کردیں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 26 جولائی کو میں نے پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے بیان دیا تھا کہ اگر مودی ایک قدم بڑھائے گا تو میں دو قدم بڑھاؤں گا۔ کیونکہ برصغیر ایک ایسا خطہ ہے جہاں دنیا کی سب سے زیادہ غربت ہے۔چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ چین نے اپنے ہمسایوں کے ساتھ تمام مسائل کو بڑے احسن طریقے سے حل کیا۔ میں نے مودی کو خط لکھا کہ ہمارے وزراء خارجہ کو اقوام متحدہ کے بین الاقوامی فورم پر ملنا چاہیے۔ لیکن اس کا بھی جواب اچھا نہیں آیا۔ بھارت میں الیکشن تھے ہم نے سوچا کہ اس لیے ہمیں اچھا جواب نہیں مل رہا۔ ہم نے سوچا کہ الیکشن کے بعد حالات ٹھیک ہوں گے تو ہم بات کریں گے۔کرتارپور راہداری کھولنے کے باوجود بھارت نے منفی رویہ اختیارکیے رکھا۔ اسی طرح پلوامہ ہوگیا۔ میں یہ نہیں کہتا کہ حملے میں بھارت کا اپنا ہاتھ شامل تھا، لیکن بھارت نے پلوامہ حملے کا الزام آدھ گھنٹے بعد ہی پاکستان پر عائد کردیا۔ ہم نے بھارت سے پلوامہ حملے کے ثبوت مانگے کہ ہمیں ثبوت دیں ہم خود ایکشن لیں گے۔ لیکن ثبوت دینے کی بجائے بھارت نے کشیدگی کو ہوا دی۔میں نے کل شام مودی کو فون کرنے کی کوشش کی، کیونکہ جنگ ہمارے فائدے میں نہیں ہے۔ ہم نے پیغامات بھی بھجوائے۔ لیکن ہمیں کوئی ڈر یا خوف نہیں ہے۔ کل رات ہمیں تھا کہ شاید کوئی میزائل حملہ کیا جائے ، اس کیلئے ہم تیار کھڑے تھے۔ مجھے پتا ہے ہماری فوج کہاں کھڑی ہے، میں ہندوستان کو کہتا ہوں کہ حملے کا سوچنا بھی مت ، کیونکہ پھر ہم حملے کا جواب دینے کیلئے مجبور ہوں گے۔ وزیراعظم عمران خان نے پارلیمنٹ میں خطاب کے دوران بڑا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ گرفتار پائلٹ کو رہا کردیا جائے۔ لہذا امن کی خاطر گرفتاربھارتی پائلٹ کو رہا کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ گرفتار بھارتی پائلٹ کو کل رہا کر دیں گے۔