سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کا مل پور کے علاقے میں مشترکہ آپریشن، سرکاری اراضی پر قائم متعدد تعمیرات مسمار

 
0
1306

اسلام آباد مارچ 01 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کا مل پور کے علاقے میں مری روڈ کے رائٹ آف وے پر تجارتی سرگرمیوں کے سدِ باب کے لیے انسدادِ تجاوزات آپریشن کیا۔ اس آپریشن کے دوران مری روڈ کے رائٹ آف وے پر مل پور کے مقام پر سرکاری اراضی پر قائم متعدد تعمیرات بشمول کمروں اور چار دیواریوں کو مسمار کر دیا گیا۔ اس آپریشن میں انفورسمنٹ کے عملے کے علاوہ اسلام آباد انتظامیہ کے افسران اور ریونیو سٹاف کے علاوہ اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری نے حصہ لیاجبکہ غیر قانونی تعمیرات کو گرانے کے لیے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کی بھاری مشینری بھی استعمال میں لائی گئی۔

اس آپریشن کے دوران12کمرے،10 چار دیواریاں، 3واش رومز اور 02 کچن سمیت متعدد تعمیرات کو مسمار کر دیا گیا جبکہ اس علاقے میں نئی تعمیرات کو بھی رکوا دیا گیا۔ واضح رہے کہ سی ڈی اے نے اسلام آباد انتظامیہ کے تعاون سے شہر میں جاری انسدادتجاوزات مہم کے تحت گذشتہ ماہ کے وسط میں مری روڈ کے رائٹ آف وے پر قائم تجارتی سر گرمیوں کے انسداد کے لیے ایک آپریشن شروع کی تھا حالیہ آپریشن بھی شہر میں جاری انسدادِ تجاوزات مہم کا حصہ ہے ۔مزید برآں سی ڈی اے کی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے نگرانی کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس بات کو یقینی بنا رہی ہیں کہ دوبارہ تجاوزات قائم نہ ہوسکیں۔