سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ کا مشترکہ آپریشن، پارک انکلیو ہاوسنگ منصوبے کی باقی ماندہ اراضی واہ گزار کرا لی گئی

 
0
455

اسلام آباد مارچ 07 (ٹی این ایس): سی ڈی اے کے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آپریشن کر کے پارک انکلیو ہاوسنگ منصوبے کی باقی ماندہ سرکاری آراضی واہ گزار کرا لی ہے۔ پارک انکلیو ہاوسنگ منصوبے کے تھوڑے سے ایریا میں لوگوں نے قبضہ کیا ہوا تھا جس کے باعث باقی تمام تر ترقیاتی کاموں کے مکمل ہونے کے باوجود اس تھوڑے رقبہ پر قبضہ کے باعث اس ایریا کے الاٹی اپنے پلاٹوں پر گھر بنانے سے قاصر تھے۔

سی ڈی اے انتظامیہ کی ہدایت پر سی ڈی اے کی انفوسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے آئی سی ٹی اور ضلعی انتظامیہ کے ساتھ مل کر جمعرات کے روز آپریشن کیا۔

آپریشن میں ڈئریکٹر انفورسمنٹ، پروجیکٹ ڈائریکٹر پارک انکلیو، اسسٹنٹ کمشنر آئی سی ٹی، لینڈ ڈئیریکٹوریٹ اور ریزرو پولیس کے علاوہ ایم پی او ڈائیریکٹوریٹ کی بھاری مشینری استعمال کی گئی۔ آپریشن میں سی ڈی اے کی آراضی پر لگی فصل کو تلف کر دیا گیا ہے اور پروجیکٹ ڈائریکٹر پارک انکلیو کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ حصول شدہ اراضی پر باقی ماندہ ترقیاتی کام کا آغاز کر دیں تاکہ لوگ اپنے پلاٹوں پر گھر بنا سکیں۔

پروجیکٹ ڈائریکٹر کو مزید ہدایت کی گئی ہے کہ پارک انکلیو میں باقی ماندہ ترقیاتی کاموں کو جلد از جلد مکمل کیا جائے کیونکہ پارک انکلیو کے ہیڈ میں خاطر خواہ فنڈز موجود ہوں۔