وزیراعظم کے شکایت سیل میں بیٹی نے باپ کے خلاف شکایت درج کروا دی

 
0
397

پشاور مارچ 11 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے عوام کے مسائل کے حل کے لیے شکایت پورٹل کا افتتاح کیا تھا جس میں عام شہری اپنی شکایات درج کرواتے ہیں جن پر متعلقہ محکموں کی جانب سے ایکشن لیا جاتا ہے۔ تاہم اب عوام کی سہولت کے لیے بنائے گئے وزیراعظم شکایت سیل میں خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے اپنے والد کے خلاف ہی شکایت درج کروا دی ۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ سے تعلق رکھنے والی لڑکی نے اپنے باپ پر کاغذات چھیننے کا الزام عائد کر دیا ہے۔فلپائنی نژاد پاکستانی خاتون گل نیرہ نے اپنے والد پر پاسپورٹ اور شناختی کارڈ چھین کر فلپائن میں چھوڑنے کا الزام عائد کیا ۔ خاتون نے دستاویزات حاصل کرنے کے لیے وزیراعظم شکایت سیل سے رابطہ کیا ۔لڑکی کا کہنا ہے کہ میرے والد محمد گلہاب گل 20 سال قبل میری والدہ سے شادی کرکے مجھے پاکستان لائے تھے۔ انہوں نے مجھے پڑھایا، لکھایا لیکن اب ان کی مرضی کے خلاف جانے پر والد نے مجھے فلپائن میں چھوڑ کر میرا پاسپورٹ اور قومی شناختی کارڈ چھین لیا ہے۔اس حوالے سے ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی کہ سرکاری دستاویزات پر واضح طور پر ولدیت میں محمد گلہاب گل کا نام درج ہے لیکن محمد گلہاب گل نے شکایت کنندہ کو اپنی بیٹی ماننے سے ہی انکار کردیا ہے۔ خاتون کو فلپائن میں کیوں چھوڑ کر آئے والد جواب دینے سے قاصر نظر آئے تاہم متاثرہ خاتون کا کہنا ہے کہ انہیں والدین سے اور کچھ نہیں چاہئیے انہیں بس پاکستان واپس آنا ہے۔یاد رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں وزیراعظم عمران خان نے ’’پاکستان سیٹیزن پورٹل‘‘ کا افتتاح کیا تھا جس کی بدولت پاکستانی عوام براہ راست اپنی شکایات و تجاویز وزیر اعظم آفس کو بھجواتے ہیں۔ متعلقہ محکموں سے عوامی شکایات کا ازالہ کروانے اور قابل عمل تجاویز پر غور کے عمل کی نگرانی وزیر اعظم آفس سے ہی کی جاتی ہے جبکہ پاکستان سیٹیزن پورٹل کی بدولت لوگ اپنے موبائل فونز میں مخصوص ایپلی کیشن کے ذریعے حکومتی اداروں تک اپنی آواز پہنچاتے ہیں۔