ایتھوپین ائیرلائن کی پرواز کا حادثہ، چین نے 737 میکس طیارے گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا

 
0
14295

چین مارچ 11 (ٹی این ایس): ایتھوپین ائیر لائن کے طیارے 737 میکس کو حادثہ پیش آنے کے بعد چین نے اپنے تمام بوئنگ 737 میکس 8 طیاروں کو گراؤنڈ کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ چین کی سول انتظامیہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ جدید طیارہ 737 میکس 8 گذشتہ پانچ ماہ کے دوران دو مرتبہ حادثے کا شکار ہوا اور یہ حادثات پرواز کے اُڑان بھرنے کے بعد پیش آئے۔ چین نے اس طیارے کے محفوظ ہونے پر بھی کئی سوالات اُٹھا دئے ہیں۔تمام چینی ائیرلائنز کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ بوئنگ 737 میکس 8 پر جانے والی تمام پروازوں پر معطل کر دیں۔ جبکہ کچھ اطلاعات کے مطابق کئی روٹس کی پروازوں کے طیاروں کو تبدیل کر کے ان کی جگہ پُرانے جہازوں کو بھجوایا جائے گا۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ بوئنگ 737 میکس 8 اس وقت دنیا کے معروف ترین اور جدید ترین جہازوں میں سے ایک ہے جسے دنیا بھر کی ائیرلائنز استعمال کرتی ہیں لیکن اس طیارے میں تکنیکی خرابی اور گذشتہ 5 ماہ کے دوران دو جہازوں کے کریش ہونے کی وجہ سے کئی ائیرلائنز محتاط ہو گئی ہیں اور اس جہاز کو گراؤنڈ کرنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔اس جہاز کو کم قیمت پروازوں کے لیے زیادہ استعمال کیا جاتا ہے۔ بوئنگ 737 میکس 8 جہاز کو جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر کے ایک جدید ترین نوعیت کا جہاز بنایا گیا تھا لیکن اس میں پیدا ہونے والی تکنیکی خرابی کی وجہ سے اس جہاز کو مشکلات کا سامنا ہے۔ یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ فلائی دبئی اور پاکستان آنے والی متعدد ائیرلائنز بھی اسی طیارے کا استعمال کرتی ہیں جس کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کرنے کا مطالبہ مزید زور پکڑ گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کے روز ایتھوپین ایئرلائن کے مسافر طیارے کو دوران پرواز حادثہ پیش آیا ، ایئرلائن انتظامیہ نے بتایا کہ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا کہ طیارے میں سوار تمام مسافر ہلا ک ہوگئے ۔ طیارے میں کل 157مسافر سوار تھے۔ میڈیا اطلاعات کے مطابق طیارے میں کینیا کے سب سے زیادہ مسافرجبکہ سات مسافر برطانوی اور چار بھارتی مسافروں سمیت دیگر ممالک کے مسافر بھی سوار تھے۔ترجمان ایئرلائن نے بتایا کہ طیارے میں 35 ممالک کے مسافر سفر کر رہے تھے۔ طیارے نے ایتھوپیا کے دارالحکومت آبابا سے کینیا کے شہر نیروبی کے لیے پروا بھری تھی، تاہم دوران پرواز سمندر کے اوپر حادثہ پیش آیا ۔ ایتھوپیا کے وزیراعظم ابے احمد کے دفتر سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں کہا گیا کہ ایتھوپیا کے عوام اور حکومت کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس، ایتھوپین ایئر لائنز کے بوئنگ 737 طیارے کے گر کر تباہ ہونے کے واقعہ پر اس میں سوار افراد کے اہل خانہ سے گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔یاد رہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں بھی جکارتہ سے اڑنے والا بوئنگ میکس 8 جیٹ طیارہ پرواز بھرنے کے فوری بعد ہی حادثے کا شکار ہوگیا تھا، جہاز میں بیٹھے تمام 179 ہلاک ہوگئے تھے۔ پانچ ماہ کے دوران اس جدید طیارے کو پیش آنے والے دو حادثات نے اس طیارے کے محفوظ ہونے پر کئی سوالات کھڑے کر دئے ہیں،عین ممکن ہے کہ ان حادثات کے پیش نظر دنیا بھر میں اس جدید طیارے بوئنگ 737 میکس 8 کو گراؤنڈ کر دیا جائے۔