بلاول بھٹو نے جیل پہنچتے ہی نواز شریف کو اہم پیشکش کر دی

 
0
1337

آپ این آئی سی وی ڈی میں علاج کروائیں کیونکہ یہ پاکستان کا بہترین ادارہ ہے، بلاول بھٹو کی نواز شریف کو کراچی میں علاج کی پیشکش

لاہور مارچ 11 (ٹی این ایس): آج پاکستان پیپلز پارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو ن لیگ کے تاحیات قائد نواز شریف سے ملاقات کرنے کے لیے کوٹ لکھپت جیل پہنچے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے دیگر رہنما بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں۔نواز شریف اور بلاول بھٹو کے مابین طویل ملاقات ہوئی۔نواز شریف نے بلاول بھٹو اور ان کے ہمراہ آئے وفد کا عیادت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔دونوں کے درمیان سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔دونوں رہنماؤں کی ملاقات میں جیل کا عملہ بھی موجود ہے۔بلاول بھٹو اور نواز شریف کے درمیان ایک گھنٹہ 10 منٹ ملاقات جاری رہی۔بلاول بھٹو نے نواز شریف کو کراچی میں علاج کی پیشکش کی ہے اور کہا ہے کہ آپ این آئی سی وی ڈی آئیں اور وہاں اپنا علاج کروائیں۔بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ این آئی سی وی ڈی پاکستان کا بہترین ادارہ ہے۔جب کہ بلاول بھٹو نے نواز شریف سے ملنے سے پہلے ایک بیان میں کہا تھا کہ انسانی بنیاد پرنوازشریف سے ملنے جارہا ہوں ، نوازشریف سے میری ملاقات کا سیاسی ایجنڈا نہیں ہے، نوازشریف علیل ہیں انہیں علاج کی مناسب سہولت ملنی چاہیے۔جب کہ دوسری طرف اس ملاقات کو سیاسی رنگ دیا جا رہا ہے۔ چئیرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات سے متعلق تجزیہ کار عمران یعقوب نے بات کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نے سابق وزیراعظم نواز شریف اور سابق صدرآصف علی زرداری کی ملاقات کے لیے کوششیں کیں، جس کے بعد اپوزیشن کے چیمبر میں اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف اور سابق صدر آصف علی زرداری کی ملاقات ہوئی۔سابق وزیراعظم نواز شریف سے بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ یہ ملاقاتیں ایک دم سے نہیں ہوئیں بلکہ ایک سلسلے کے تحت ہوئی ہیں۔ آگے جا کر یہ لوگ ایک دوسرے سے مزید تعاون کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جب بلاول بھٹو زرداری سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کر کے باہر نکلیں گے اور میڈیا سے بات کریں گے تو ہم دیکھیں گے کہ بلاول بھٹو زرداری سب سے پہلے حکومت اور عمران خان سے یہی مطالبہ کریں گے کہ نواز شریف کو علاج کے لیے فوری طور پر باہر بھیجا جائے۔