الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے ایک دن باقی ،حکومت اور اپوزیشن کے کان میں جوں تک نہ رینگی

 
0
465

اسلام آباد مارچ 11 (ٹی این ایس): الیکشن کمیشن کے ممبران کی تقرری کیلئے ایک دن باقی رہ گیا تاہم حکومت اور اپوزیشن کے کان میں جوں تک نہ رینگی ۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے 2 نئے ممبران کی تقرری کے معاملے پر حکومت اور اپوزیشن نے غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا ،دیگر قوانین میں ترامیم کی طرح الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کا معاملہ بھی حکومت اور اپوزیشن کی توجہ کامنتظر ہے ۔الیکشن کمیشن کی جانب سے حکومت کو یادہانی کے باوجود بھی ممبران کی تقرری میں کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، قانونی مدت کے پورا ہونے میں صرف ایک دن باقی تاہم الیکشن کمیشن کے دونئے ممبران کی تقرری تاحال نہ ہوسکی۔ فاٹاانتخابات، بلوچستان بلدیاتی انتخابات سمیت دیگر اہم معاملات بلوچستان اور سندھ کے ممبران کی مشاورت کے بغیر جاری ،وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کے مابین مشاورت نہ ہونے پر معاملہ پارلیمانی کمیٹی کے سپرد ہوا تھا ،الیکشن کمیشن کے دو ممبران کی تقرری کے لیے اسپیکر کی قائم کردہ بارہ رکنی کمیٹی میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہو سکی، ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے حکومت سے کمیشن ممبران کی جلد تقرری کے لیے درخواست کی ہے۔الیکشن کمیشن کے سندھ اور بلوچستان کے ممبران کی مدت ملازمت 26 جنوری کو ختم ہوئی تھی،آئین کے مطابق مدت پوری ہونے کے 45 دن میں ممبران کی تقرری کرنا لازم ہے۔