انسداد دہشتگردی عدالت نے چھوٹوگینگ کیس کا فیصلہ سنا دیا

 
0
369

چھوٹو گینگ کے 20کارندوں کو18،18مرتبہ سزائے موت جبکہ کم عمر2 کارندوں کو 19،19سال عمر قید کی سزا سنا دی گئی، پاک فوج نے آپریشن ضرب آہن ٹو میں چھوٹو گینگ کو کچے کے علاقے سے گرفتار کیا تھا

لاہور مارچ 12 (ٹی این ایس): انسداد دہشتگردی عدالت نے چھوٹوگینگ کیس کا فیصلہ سنا دیا، چھوٹو گینگ کے 20 کارندوں کو18،18مرتبہ سزائے موت جبکہ 2 کارندوں کو 19،19سال عمر قید کی سزا سنا دی ہے، پاک فوج نے آپریشن ضرب آہن ٹو میں چھوٹو گینگ کو کچے کے علاقے سے گرفتار کیا تھا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق راجن پور میں کچے کے علاقے میں غلام رسول اور چھوٹو کو پاک فوج نے زبردست کاروائی کے بعد ہتھیار ڈالنے پر مجبور کردیا تھا۔جس پر چھوٹو سمیت اس کے کارندوں نے پاک فوج کے سامنے ہتھیار ڈال کر گرفتاریاں دے دی تھیں، چھوٹو گینگ کیخلاف سنٹرل جیل ملتان میں مقدمات کی سماعت ہوئی۔ تاہم آج انسداد دہشتگردی عدالت نے چھوٹوگینگ کیس کا فیصلہ سنا دیا، چھوٹو گینگ کے 20کارندوں کو18،18مرتبہ سزائے موت جبکہ 2 کارندوں کو 19،19سال عمر قید کی سزا سنا دی ہے۔ واضح رہے پاک فوج کے ترجمان نے 20 اپریل 2016ء کو چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن کی خوشخبری سناتے ہوئے بتایا تھا کہ چھوٹو گینگ نے غیرمشروط طور پر ہتھیار ڈال دیئے ہیں، چھوٹو گینگ کا سرغنہ غلام رسول عرف چھوٹو فورسز کی تحویل میں ہے، چھوٹو اور اس کے زیر تحویل تمام افرادسے تفتیش کی جائیگی، آرمی چیف نے کامیاب آپریشن پر مبارکباد پیش کی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آپریشن میں چھوٹو سمیت 13ڈاکو ہتھیار ڈال چکے ہیں۔ جزیرے سے تمام مغوی افراد سمیت تمام ڈاکوؤں کے اہلخانہ کو بھی جزیرے سے بحفاظت نکال لیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈاکوؤں کی گرفتاری تک علاقے کا مکمل گھیراؤ رکھا جائے گا۔ چھوٹو گینگ نے علاقے کو نوگوایریا بنا یا ہواتھا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں تمام نوگوزیریاز کو ختم کردیاجائے گا۔ کسی بھی جگہ نوگوایریاز نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بڑا مشکل جزیرہ تھا ،جہاں پانی اور پھر گھنا جنگل تھا۔ جزیرے سے چھوٹو گینگ کے اہلخانہ میں 24 خواتین ،44 بچوں سمیت 4 بزرگ شامل تھے۔