سابق دور میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے، پسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیا‘عثمان بزدار

 
0
427

, ماضی میں ترقی کے دعوے مخصوص علاقوں تک محدود رہے،اقتدار میں آتے ہی پسماندہ علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے , وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے ،جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم کریںگے‘وزیر اعلیٰ پنجاب

لاہور مارچ 15 (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے اوراسی لئے جنوبی پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے اربوں روپے کے منصوبے شروع کئے ہیںکیونکہ تحریک انصاف کی حکومت جنوبی پنجاب کے عوام کی پائیدار ترقی چاہتی ہے۔وہ وزیراعلیٰ آفس میں جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے منتخب نمائندوں کے وفد سے گفتگو کررہے تھے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ مجھے جنوبی پنجاب کے عوام کے مسائل کا اندازہ ہے، یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت ترقیاتی اور فلاحی پروگراموں میںجنوبی پنجاب کے اضلاع کو اہمیت دے رہی ہے۔ جنوبی پنجاب کے پسماندہ اضلاع کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں مہیا کریں گے اورجنوبی پنجاب کے پسماندہ علاقوں کے عوام کی محرومیوں کوخوشحالی میں بدلیں گے۔انہوںنے کہا کہ مجھے پسماندہ علاقوں کے عوام کے مسائل کااندازہ ہے اور تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی پسماندہ علاقوں کی ترقی پر فوکس کیا ہے جبکہ ماضی میں صرف ترقی کے دعوے مخصوص علاقوں تک محدود رہے اور پسماندہ علاقوں کے عوام کو نظر انداز کیا گیااور سابق دور میں نمائشی منصوبوں پر قومی وسائل ضائع کئے گئے جبکہ ہم نے وسائل کا رخ پسماندہ علاقوں کی جانب موڑ دیا ہے اور ہماری حکومت کے اقدامات سے جنوبی پنجاب کے عوام کا احساس محرومی ختم ہو گا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ عوام کی مشکلات کم کرکے سہولتیں فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے ۔ ترقی پنجاب کے ہرشہراورہرقصبے کاحق ہے اور یہی وجہ ہے کہ ترقی کے سفر میں پسماندہ اضلاع کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی ترقی اور وہاں کے عوام کی خوشحالی ہمارا مشن ہے اور پسماندہ علاقوں کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔