پی سی ہوٹل کے ترجمان کی من گھڑت خبروں کی تردید

 
0
2514

لاہور اپریل 01 (ٹی این ایس): پرل کانٹیننٹل ہوٹل کے ترجمان نے من گھڑت خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پی سی ہوٹل کے خلاف چلنے والی خبریں بے بنیاد ہیں،اپنی کمپنیوں کیخلاف پروپیگنڈے پر مبنی جھوٹی خبروں کی پرزورمذمت کرتے ہیں،ان خبروں سے نہ صرف ہماری شہرت کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی بلکہ پاکستان اور سکیورٹی اداروں کی جگ ہنسائی کی کوشش بھی کی گئی۔ ترجمان پی سی ہوٹل نے اپنے جاری کردہ وضاحتی بیان میں کہا کہ ہمیں کراچی پی سی ہوٹل کے سابق جنرل مینجر کے خلاف غلط خبر چلنے پر نہایت افسوس ہے۔ہم ان تمام غیرمصدقہ خبروں کی تردید کرتے ہیں۔خبروں کے ذریعے ہمارے سرکاری اداروں کو بھی ملوث کرکے بدنام کیا گیا،جو کہ نہایت افسوسناک بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ بے بنیاد خبروں میں دعویٰ کیا گیا کہ پی سی ہوٹل کراچی کے کمرے میں چھاپہ مار ا گیا ہے، اور سابق مینجر کو حراست میں لیکر حساس دستاویزات برآمد کی گئیں،لیکن ایسا کچھ بھی نہیں ہے، یہ سراسرجھوٹ اور محض پروپیگنڈا ہے۔ہم ان تمام چیزوں کی سختی سے تردید کرتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ حقیقت یہ ہے کہ کمپنی کے ایک اعلیٰ افسر اس کمرے میں قیام پذیر ہیں، یہ کمرہ ہمارے سابق جنرل مینجر کے زیراستعمال رہ چکا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پرل کانٹیننٹل ہوٹل حقیقت پر مبنی خبروں پر یقین رکھتا ہے۔ لیکن ہم کسی فرد کی جانب سے اپنی کمپنیوں کے خلاف پروپیگنڈے پر مبنی جھوٹی خبروں کی پرزورمذمت کرتے ہیں۔ ان خبروں کا مقصدنہ صرف ہماری شہرت اور کاروبار کو نقصان پہنچانا ہے، بلکہ ایسی بے بنیاد خبروں سے معاشرے پر برے اثرات مرتب ہوتے ہیں اوریہ جھوٹی خبریں پاکستان کی جگ ہنسائی کا باعث بھی بنتی ہیں۔