قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام این بی ایف کا دسواں سہ روزہ سالانہ قومی کتاب میلہ

 
0
381

اسلام آباد اپریل 08 (ٹی این ایس): وفاقی وزیر برائے فیڈرل ایجوکیشن ، فنی تربیت شفقت محمود کی نگرانی میں قومی تاریخ و ادبی ورثہ ڈویژن کے زیر اہتمام نیشنل بُک فائونڈیشن کا دسواں سالانہ سہ روزہ قومی کتاب میلہ 2019ء ، پاک چائنا فرینڈ شپ سنٹر اسلام آباد میں 19اپریل (جمعہ ) شام 5بجے سے شروع ہوگا۔ افتتاحی تقریب میں ملک کی اہم قومی شخصیت کی بطور چیف گیسٹ شرکت متوقع ہے۔

گزشتہ روایات کی طرح اس بار بھی کتاب میلے میں ملک بھر سے اور بیرونِ ملک سے بک ایمبیسیڈرز(سفیرانِ کتاب) ، نامورمصنفین ، دانش ور، فنکار، شائقینِ کتب، یونیورسٹیوں اور اسکولوں کے طلبہ و طالبات سمیت ہر شعبہٴ حیات سے کتاب دوست لوگ بڑی تعداد میں شریک ہوں گے۔ اس سال میلے کا عنوان ’’کتاب تعلیمی ترقی کی ضامن‘‘ رکھا گیا ہے۔اس تین روزہ کتاب میلے میں ملک بھر سے 180 سے زائد بُک سیلرز اور پبلشرز اسٹال لگائیں گے جہاں سے ہر عمر کے شائقینِ کتب انتہائی رعایتی قیمتوں پر اپنے پسندیدہ موضوع کی کتابیں خرید سکیں گے۔

کتاب میلے کے تینوں دن بُک ریڈنگ، علمی و ادبی موضوعات پر سیمینار، بیرونِ ملک مقیم اہلِ قلم کی فکری نشستیں ، غزل، نظم، افسانے اور شاعری کے حوالے سے مذاکرے ، علامہ اقبال کے حوالے سے خصوصی تقریب ،کتابوں کی تقریب رونمائی ، بچوں کے لیے ’’کڈز ری پبلک‘‘ میں شامل دلچسپ اور رنگا رنگ پروگرام اور بہت سے دیگر پروگرام شامل ہیں۔میلے کے تیسرے روز پروگرام ’’بک ایمبیسیڈرز کانفرنس‘‘ کے عنوان سے ہوگا جس میں سفیرانِ کتاب میلے کے حوالے سے اپنی قیمتی تجاویز اور معاشرے میں کتاب کے کردار کے سلسلے میں این بی ایف کی کارکردگی کو مزید فعال کرنے کے لیے گفتگو کریں گے۔