قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال سے بلوچستان کے وکلاء کے ایک وفد کی ملاقات، وکلاء کے مسائل کا جائزہ لیا گیا

 
0
398

اسلام آباد اپریل 23 (ٹی این ایس): قومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال سے بلوچستان کے وکلا ء کے ایک وفد جس میں حاجی عطا ء اللہ لانگو ،وائس چئیرمین بلوچستان بار کونسل ،را ہب خان بلیدی ،چئیرمین ایگزیکٹیو کمیٹی ،منیر احمد خان کاکڑ ،ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور محمد سلیم سلہری ایڈووکیٹ نے نیب ہیڈ کوارٹر ز میں ملاقات کی اورقومی احتساب بیورو کے چئیرمین جناب جسٹس جاوید اقبال کی سربراہی میں نیب کی کارکردگی کو سراہا ۔ ملاقات کے دوران نیب بلوچستان کی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس کے علاوہ وکلاء کے مسائل کا بھی جائزہ لیا گیا۔ چئیرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال نے وکلاء کو درپیش مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ۔ بلوچستان کے وکلا ء کے وفدجس میں حاجی عطا ء اللہ لانگو ،وائس چئیرمین بلوچستان بار کونسل ،را ہب خان بلیدی ،چئیرمین ایگزیکٹیو کمیٹی ،منیر احمد خان کاکڑ ،ممبر جوڈیشل کمیشن آف پاکستان اور محمد سلیم سلہری ایڈووکیٹ شامل تھے نے ملک سے بدعنوانی کے خاتمے کے لئے نیب جو کاوشیں کر رہا ہے اس میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

چیئرمین نیب جناب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ نیب کی اولین ترجیح ہے۔نیب احتساب سب کے لیے” کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ نیب نے گزشتہ 16ماہ کے اندرجو اقدامات اٹھائے ہیں ان کی وجہ سے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے اور بد عنوان عناصر کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جارہا ہے جس کا اعتراف معتبر ملکی اور غیر ملکی اداروں نے اپنی رپورٹس میں واضح طور پر کیا ہے۔