نرسنگ سٹاف کی استعدا د کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورسز کرائے جائیں گے ‘ثمینہ یاسمین

 
0
545

لاہور جولائی19(ٹی این ایس)نرسنگ سٹاف کی استعداد کار بڑھانے کیلئے ریفریشر کورسز کرائے جائیں گے اور مریضو ں کے بہتر علاج معالجے اور دیکھ بھال کو یقینی بنانے کیلئے نئے ایس او پیز متعارف ہوں گے جبکہ یکم اگست سے مختلف شعبوں میں سپیشلائزیشن کی حامل نرسز کی تعیناتی بھی عمل میں لائی جائے گی۔چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین نے بتایا سروسز ہسپتال میں مریضوں کی مثالی دیکھ بھال(کوالٹی کئیر) کو یقینی بنایا جا رہا ہے جبکہ ہر وارڈ میں موومنٹ رجسٹر کیلئے بھی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ مارننگ ،ایوننگ اور نائٹ شفٹ کی سپر وائزرز وارڈ میں صفائی ستھرائی اور دیگر امور کو بھی یقینی بنائیں گی۔ چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ ثمینہ یاسمین نے بتایا کہ انہوں نے نرسوں کو نئی ہدایات جاری کر دی ہیں جس کے مطابق مریضوں کی دیکھ بھال کے اوقات میں کسی نرس کو ان کے دفتر آنے کی ضرورت نہیں اور وہ کسی بھی مسئلے کے متعلق اپنی وارڈ سے ٹیلی فونک رابطہ کر سکتی ہیں انہوں نے کہا کہ دفتر میں بیٹھ کر سب اچھا کی پالیسی نہیں چلے گی وہ نرسنگ کے شعبے کو پنجاب بھر میں مثالی بنانے کی خواہاں ہیں اور وہ نرسوں کی فلاح و بہبود کیلئے موجودہ حکومت کی طرف سے کیے جانے والے ٹھوس اقدامات کو سراہتے ہوئے عملی نتائج سامنے لانا چاہتی ہیں سی این ایس ثمینہ یاسمین نے کہا کہ مختلف ڈسپلن میں نرسوں کے مسائل بھی حل کیے جائیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کرنے والی ان خواتین کو ہر ممکن سہولت بہم پہنچائی جائے گی ۔