دہشتگردی کے خلاف جنگ میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنے کیلئے ہم سب کو سخت محنت کرنا ہوگی،صدر مملکت

 
0
555

اسلام آباد مئی 03 (ٹی این ایس): صدر مملکت عارف علوی نے کہاہے کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنے کیلئے ہم سب کو سخت محنت کرنا ہوگی،سی پیک سے خطے کی شکل بدل جائے گی اور اس سے فاٹا اور کے پی کے سب سے زیادہ مستفید ہوں گے،ہر پاکستانی کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے۔ جمعہ کو صدر ڈاکٹر عارف علوی سے فاٹا اور کے پی کے کے طالب علموں کے ایک وفد نے ملاقات کی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدرمملکت نے کہاکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصان کو پورا کرنے کیلئے ہم سب کو سخت محنت کرنا ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ انتہا پسندی ایک بٹن دبانے سے ختم نہیں ہو گی بلکہ یہ ایک طویل اور صبر آزما جدوجہد ہے۔انہوںنے کہاکہ امن و امان کی صورتحال میں بہتری کی وجہ سے پاکستان کے بین الاقوامی تعلقات میں بہتری آئی ہے۔
انہوںنے کہاکہ بہتری کے اس ماحول کو مزید سرمایہ کاری اور سیاحت کیلئے استعمال کرنا چاہیے۔ انہوںنے کہاکہ سی پیک سے خطے کی شکل بدل جائے گی اور اس سے فاٹا اور کے پی کے سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔ صدر مملکت نے کہاکہ آن لائن بزنس کی وجہ سے کاٹیج انڈسٹری میں اضافہ کیا جا سکتا ہے جس سے خواتین کے لئے خاص طور پر مواقع پیدا ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہر پاکستانی کو ترقی کرنے اور آگے بڑھنے کے یکساں مواقع ملنے چاہیے۔