بحیرہ عرب میں سمندری طوفان کا خطرہ، کراچی کے ساحلی علاقوں میں الرٹ جاری کردیا گیا

 
0
41460

کراچی جون 10 (ٹی این ایس): بحیرہ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا شدید دباﺅ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا خطرہ ہے ، ہوا کا شدید دباﺅ کراچی کے جنوب میں 1500 کلومیٹردورہے، ابتدائی طور پر طوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی. تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے بحیرہ عرب جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباﺅشدت اختیار کرگیا ہے اور آئندہ 36گھنٹے میں ہوا کا شدید دباﺅ سمندری طوفان میں تبدیل ہونے کا امکان ہے.
ہوا کا شدید دباﺅ کراچی کے جنوب میں1500کلومیٹردور ہے جبکہ ابتدائی طورپرطوفان کی سمت شمال مشرق میں بھارتی ساحلی پٹی ہوگی‘محکمہ موسمیات نے تمام صورتحال پرنظر رکھی ہوئی ہے، کسی بھی ممکنہ خطرے سے پہلے آگاہ کردیا جائے گا. مکنہ طوفان سے بچنے کے لیے محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو ہدایت جاری کردی ہے ، جس میں ماہی گیروں کو گہرے سمندر میں نہ جانےکی ہدایت کی ہے جبکہ ممکنہ طوفان پر متعلقہ ادارے بھی ہائی الرٹ رہیں گے.
دوسری جانب شہر قائد میں گرمی کی شدت برقرار ہے ، کراچی میں آج بھی زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 ڈگری سینٹی گریڈ تک ریکارڈ کیا جاسکتا ہے، شہر کا موجودہ درجہ حرارت 33 ڈگری اور ہوا میں نمی کا تناسب 62 فیصد ہے جبکہ 14 کلو میٹر کی رفتار سے ہوا چل رہی ہے. محکمہ موسمیات کا کہنا ہے لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید گرمی کی لہر برقرار رہے گی ، بہاولپور،جھنگ، جہلم سمیت کئی شہروں میں درجہ حرارت40ڈگری سے زیادہ ہونے کا امکان ہے.
سکھر،شہیدبینظیرآباد، لاڑکانہ، دادو، جیکب آباد،موہنجوداڑو سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں بھی گرمی غضب ڈھا رہی ہے، معمولات زندگی شدید متاثر ہیں جبکہ تربت، سبی، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان سمیت بلوچستان اورخیبر پختونخوا میں بھی شدید گرمی کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں.طبی ماہرین کا کہنا ہے شدیدگرمی میں باہرنکلناضروری ہوتو سرڈھانپ کرنکلیں، پانی کااستعمال بڑھادیں.