کرپٹ عناصرنے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا،ملک کو لوٹنے والے انجام سے نہیں بچ سکیں گے:عثمان بزدار

 
0
267

لاہور، جون 12 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان کا خطاب پوری قوم کے دل کی آواز ہے،پاکستانی عوام کرپشن کا خاتمہ اوربدعنوان عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں عوام کرپشن کرنیوالوں کیساتھ نہیں،دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی،نئے پاکستان میں شفافیت کے مینار قائم ہوں گے مستحق افراد کیلئے ای خدمت مراکزپر ون ونڈوویلفیئر کاؤنٹرزبنائے جارہے ہیں جہاں سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سروسز فراہم کی جائیں گی
 خواجہ سراء بچوں کیلئے تعلیم،مفت علاج، سکریننگ، قانونی اورنفسیاتی مشاورت اورشیلٹر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں
 وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی کی ملاقات،سینئر صحافی ثقلین جاوید کے والدکے انتقال پر اظہار تعزیت
لاہور12 جون:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کا خطاب پوری قوم کے دل کی آواز ہے اور وزیراعظم عمران خان نے22کروڑ عوام کی امنگوں کی بھر پور ترجمانی کی ہے کیونکہ پاکستانی عوام کرپشن کا خاتمہ اوربدعنوان عناصر کا کڑا احتساب چاہتے ہیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج یہاں ایک بیان میں کہا کہ لوگ چاہتے ہیں کہ ملک لوٹنے والوں کو عبرت کانشان بنادیا جائے اورلوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے۔انہوں نے کہا کہ کرپٹ عناصرنے ملک و قوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایااورملک کو لوٹنے والے انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی کرپشن کیخلاف جدوجہدنتیجہ خیز ثابت ہورہی ہے۔وزیراعظم عمران خان کے دور میں کرپشن کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کیخلاف جنگ میں سر بلند رہنے پر وزیراعظم عمران خان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔عوام کرپشن کرنیوالوں کیساتھ نہیں،دیانتدار قیادت ہی ملک کو مسائل سے نکالے گی۔نئے پاکستان میں شفافیت کے مینار قائم ہوں گے۔
 وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی کی ملاقات:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے آج وزیراعلیٰ آفس میں وائس چیئرمین پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی علی اسجدملہی نے ملاقات کی،جس میں پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی کارکردگی اور متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدارنے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ محروم معیشت افراد کی فلاح وبہبود کے حوالے سے پنجاب سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کا کردار بہت اہم ہے اورموجودہ حکومت مستحق خواتین، ضرورت مند بچوں اور بے آسرا بزرگوں کی فلاح و بہبود کوبے حد مقدم سمجھتی ہے اور پنجاب میں نئی سوشل پروٹیکشن پالیسی کے ذریعے مستحق افراد کی فلاح وبہبودکا وعدہ پورا کریں گے۔سوشل پروٹیکشن پالیسی کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے طبقے کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنا ہے اور اسی مقصد کے لئے   مستحق خواتین، بچوں اوربزرگوں کے لئے خصوصی پراجیکٹس شروع کئے جارہے ہیں اور کم وسیلہ طبقات کی براہ راست فلاح وبہبود کیلئے نئے پروگرامز تشکیل دیئے جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ مستحق خواتین،بچوں اوربزرگوں کی سہولت کیلئے ای خدمت مراکزپر ون ونڈوویلفیئر کاؤنٹرزبنائے جارہے ہیں اورون ونڈو کاؤنٹرز کے ذریعے مستحق خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سوشل پروٹیکشن اتھارٹی کی سروسز فراہم کی جائیں گی۔انہوں نے کہاکہ خواجہ سراء بچوں کیلئے تعلیم،مفت علاج، سکریننگ، قانونی اورنفسیاتی مشاورت اورشیلٹر فراہم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔ ہیومن کیپٹل انویسٹمنٹ پراجیکٹ کے ذریعے دیہی خواتین کو معاشی خود مختاری کی راہ پر گامزن کیا جائے گا۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے پسماندہ طبقے کی فلاح وبہبود ہمارا نصب العین ہے۔ پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب بھی اس موقع پر موجود تھے-
سینئر صحافی ثقلین جاوید کے والدکے انتقال پر اظہار تعزیت:وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے سینئر صحافی ثقلین جاوید کے والدکے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے تعزیتی پیغام میں  سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی روح کو جوار رحمت میں جگہ دے اور غمزدہ خاندان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔