نیب کا پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن کے فارم ہاؤس پر چھاپہ، فارم ہاؤس سے مختلف دستاویزات اور کچھ ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا

 
0
260

حیدرآباد جون 12 (ٹی این ایس): نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی شرجیل میمن کے فارم ہاؤس پر چھاپہ مارا۔ تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل میمن کے گھر پر چھاپہ مارا۔ چھاپے کے دوران نیب نے فارم ہاؤس کی تلاشی لی جس کے بعد مختلف دستاویزات اور کچھ اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا ہے۔ نیب کے چھاپے کے دوران کراچی کی ٹیم بھی موجود تھی۔ نیب کے چھاپے کے دوران رقبے کی پیمائش کا کام بھی کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی رہنما شرجیل میمن نے اپنے اثاثہ جات میں اس فارم ہاؤس کو ظاہر نہیں کیا۔ اس فارم ہاؤس کا انکشاف شرجیل میمن کے گرفتار فرنٹ مین سے کی گئی تفتیش کے دوران ہوا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ٹیم میں چھ سے سات افراد شامل ہیں۔ نیب کی ٹیم چھاپے کے بعد فارم ہاؤس کو سیل بھی کرے گی۔ خیال رہے کہ رواں ہفتے کا آغاز اپوزیشن پر کافی بھاری رہا ۔
پہلے اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چئیرمین آصف علی زرداری کی ضمانت کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب نے انہیں زرداری ہاؤس سے حراست میں لے لیا ، اور بعد ازاں گذشتہ روز احتساب عدالت نے انہیں 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ گذشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی ضمانت میں توسیع کی درخواست مسترد کی جس کے بعد نیب کی ٹیم نے حمزہ شہباز کو بھی حراست میں لے لیا۔
اور پھر لندن سے ایک خبر موصول ہوئی کہ اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کو گرفتار کر لیا ہے۔ پاکستان میں گذشتہ دو روز کے دوران ہونے والی گرفتاریوں نے سیاست میں بھی ایک ہلچل مچا دی ہے۔اس حوالے سے سوشل میڈیا پر بھی دلچسپ تبصرے ہورہے ہیں۔ جبکہ مزید گرفتاریوں کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔ سیاسی حلقوں میں اس حوالے سے کافی بے چینی بھی پائی جا رہی ہے۔ سینئیر تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئندہ کچھ دنوں میں مزید گرفتاریاں ہونے کا بھی امکان ہے ۔