سعودی تاریخ میں پہلی بار خواتین کی فوج میں بھرتی شروع، سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے سعودی خواتین سے درخواستیں وصول کرنے کا عمل شروع ہو گیا

 
0
1037

ریاض جون 17 (ٹی این ایس): سعودی حکومت کی جانب سے مقامی خواتین کو ایک اور خوش خبری سُنا دی گئی ہے۔ سعودی میڈیا کے مطابق سعودی عرب کی وزارت داخلہ نے سعودی خواتین کی فوج میں بھرتی کا عمل شروع کر دیا ہے۔ اس مقصد کے لیے سعودی وزارت داخلہ کی جانب سے سعودی خواتین سے فوج میں بھرتی کے لیے درخواستیں طلب کی جا رہی ہیں۔ سعودی خواتین کو درخواستیں جمع کروانے کے حوالے سے ایک بڑی سہولت یہ دی گئی ہے کہ وہ وزارت داخلہ کی ویب سائٹ پر آن لائن درخواستیں جمع کروا سکتی ہیں۔
سعودی اخبار المدینہ کے مطابق فوج میں بھرتی ہونے والی خواتین کو وزارت دفاع کے سول دفاتر میں سیکیورٹی گارڈز کے طور پر تعینات کیا گیا ہے۔ اس خبرکو سعودی خواتین نے بہت خوش آئند قرار دیا ہے۔ ریاض سے تعلق رکھنے والی 21 سالہ لڑکی آمنہ نے کہا ” میں شروع سے ہی سعودی فوج میں شمولیت اختیار کر کے مُلک کے عسکری محاذ پر خدمت انجام دینے کے خواب دیکھتی رہی ہوں۔
میں نے اس مقصد کے لےے مارشل آرٹس کی تعلیم بھی حاصل کی اور خود کو جسمانی طور پر مضبوط بنانے کے لیے کافی عرصہ جم میں ٹریننگ بھی کی۔ مگر مجھے سعودی فوج میں شمولیت کا خواب ہمیشہ خواب ہی لگتا تھا۔مگر اب حکومت کے اس فیصلے نے میرے لیے اس خواب کو اُمید میں بدل دیا ہے۔ مجھے یقین ہے کہ میرا شوق اور لگن مجھے سعودی فوج میں ضرور بھرتی ضرور کروائے گا۔