پارک انکلیو میں تین سال سے تعطل کا شکار ترقیاتی کام دوبارہ شروع

 
0
400

اسلام آباد جون 17 (ٹی این ایس): سی ڈی اے نے پارک انکلیو میں تین سال سے رکی ہوئی ترقیاتی سر گرمیوں کو دوبارہ شروع کر دیا ہے۔ ترقیاتی سرگرمیوں میں التواء کے باعث پارک انکلیو بھی سی ڈی اے کا ایک تعطل کا شکار منصوبہ بن چکا تھا تاہم حکومت کی ہدایات کے مطابق اسلام آباد کے تمام زیر التواء سیکٹروں میں ترقیاتی سرگرمیوں کو بحال کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں پارک انکلیو I- میں ترقیاتی کاموں کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ شہریوں نے اربوں روپے کے عوض پارک انکلیو میں پلاٹ حاصل کیے تھے تاہم 2010 میں شروع کیے جانے والے اس منصوبے پر ترقیاتی کام مکمل نہ کیے جا سکے۔تقریباًچار سال سے رکے ہوئے ترقیاتی کاموں کو اب با قاعدہ طور پر شروع کر دیا گیا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے خصوصی طور پر پارک انکلیو میں تعمیر کیے جانے والے رابطہ پُل پر شروع کیے گئے تعمیراتی کام کا جائزہ لیا۔پارک انکلیو میں تعمیر کیے جانے والے اس پُل کا تخمینہ 130 ملین روپے لگایا گیا تھا تاہم اس پُل کا کنٹریکٹ 86 ملین روپے میں ایوارڈ کیا گیا جو لگائے گئے تخمینہ سے کم ہے۔چیئرمین سی ڈی اے نے سی ڈی اے کے افسران اور کنٹریکٹر کو ہدایت کی کہ وہ ترقیاتی کاموں کی بروقت تکمیل اور اعلیٰ معیار کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے بتایا کہ یہ ترقیاتی کام مختلف ترقیاتی منصوبوں کا تسلسل ہے جن میں سے کچھ ابھی پائپ لائن میں ہیں اورمتعدد منصوبوں کے اشتہارات جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ مزید منصوبوں کے ٹینڈرز آنے والے دنوں میں جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار شہر میں ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔