انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں بلا خوف خطر کاروائیاں جاری

 
0
343

اسلام آباد جون 17 (ٹی این ایس): سی ڈ ی اے اور اسلام آباد انتظامیہ کی انسدادِ تجاوزات مہم بھر پور طور پر جاری ہے۔ انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر بھر میں بلا خوف خطر کاروائیاں کی جا رہی ہیں۔ ان کاروائیوں میں متعدد بڑی غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور دیگر تعمیرات کو گرایا جا رہا ہے جبکہ جن علاقوں میں آپریشن کیے جا چکے ہیں ان علاقوں میں سخت نگرانی کو یقینی بنایا جا رہا ہے تاکہ تجاوزات دوبارہ قائم نہ کی جا سکیں۔ مزید برآں شہر میں سرکاری اراضی پر مزید غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے سدِ باب کے لیے خصوصی اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔
انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے سیکٹر ایف الیون ون اور ایف الیون ٹو کی سروس روڈ پر کاروائی عمل میں لا کر متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا۔ اس آپریشن کے دوران غیر قانونی قابضین سے پچاس کنال اراضی واگزار کروا لی گئی۔ سوموار کے روز کیے گئے اس آپریشن میں سیکٹر ایف الیون کے لیے ایکوائر شدہ اراضی پر تعمیر کردہ چھ غیر قانونی بلاک فیکٹریز، اٹھارہ دفاتر، تین عدد کیبن، آٹھ عدد سامان کے ڈپو، چار کنٹینرز اور چار عدد چھپر ہوٹل کو مسمار کر دیا گیا۔

اسی طرح ایک اور کاروائی سیکٹر ایف ایٹ ٹو کی سٹریٹ نمبر20 میں عمل میں لائی گئی جس کے دوران پارک کی اراضی پر تجاوز کر کے تعمیر کردہ ایک دیوار،شیڈ اور داخلی گیٹ کو مسمار کر دیا گیا۔ اسی طرح ملپور کے علاقے میں بھی ایک کاروائی عمل میں لائی گئی جس کے دوران سات عدد غیر قانونی جانوروں کے باڑے، پندرہ عدد کمرے، آٹھ چار دیواریاں اور دیگر متعدد غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کو مسمار کر دیا گیا۔