انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے، اپوزیشن الزام لگا کرجرائم سےتوجہ ہٹانا چاہتی ہے، عمران خان

 
0
283

اسلام آباد جولائی 04 (ٹی این ایس): وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے،اپوزیشن الزام لگا کر جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے، رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، ادارے اور عدالتیں آزاد ہیں، جن لوگوں پر مقدمات ہیں وہ عدالتوں میں جاکر صفائی پیش کریں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پارٹی ترجمانوں ، سینئر رہنماؤں اور وزراء کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال اور اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاریوں کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انتقام کی سیاست پی ٹی آئی کا نظریہ نہیں ہے۔اپوزیشن حکومت پر الزام لگا کراپنے جرائم سے توجہ ہٹانا چاہتی ہے۔ انہو ں نے کہا کہ رانا ثناء اللہ کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں۔
پاکستان میں دارے اور عدالتیں اب آزاد ہیں۔ جن لوگوں پر مقدمات ہیں وہ عدالتوں میں جاکر صفائی پیش کریں۔وزیراعظم اجلاس کے شرکاء کو دورہ امریکا سے متعلق بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ دورہ امریکا دونوں ممالک کے تعلقات بہتر ی لائے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ بے نامی جائیداد رکھنے والوں کو پوراموقع دیا، اب بے نامی جائیداد رکھنے والوں کیخلاف بلاتفریق کاروائی کی جائے گی۔
اس سے قبل وزیراعظم عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیرمنصوبہ بندی مخدوم خسرو بختیار، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ، مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد، صوبائی وزیرِ خزانہ مخدوم ہاشم جوان بخت اور صوبائی وزیرِ صنعت پنجاب میاں محمد اسلم اور چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پنجاب میں صنعتی شعبے، زراعت اور سیاحت کے فروغ، خصوصی اقتصادی زونز کے قیام اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حل کے سلسلے میں اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ نامساعد معاشی حالات میں حکومت نے متوازن بجٹ پیش کیا ہے جس میں صنعتی شعبے کا فروغ اور کمزور طبقے کے تحفظ پر پوری توجہ دی گئی ہے۔ معاشی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت نے مشکل فیصلے کیے جن کا مقصد معیشت کی سمت درست کرنا اور ملک کو معاشی مشکلات سے نکالنا ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ کاروباری برادری کے تحفظات کا مکمل ادراک ہے۔
ٹیکس کے نظام پر کاروباری طبقے کا اعتماد بحال کرنے کے لئے ایف بی آر میں اصلاحات کا عمل جاری ہے تاکہ کاروباری برادری سمیت تمام طبقے از خود معاشی ترقی کے عمل میں حصہ دار بنیں۔ وزیراعظم نے چیئرمین ایف بی آر سمیت معاشی ٹیم کو مختلف کاروباری تنظیموں سے ملاقات کرنے اور معاشی و ٹیکس نظام میں اصلاحات سے تفصیلی طور پر آگاہ کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ کاروباری طبقے کو یہ باور کرایا جائے کہ ان اصلاحات کا مقصد ملک کی اقتصادی ترقی، ریونیو نظام کی بہتری اور کاروباری طبقے کی حوصلہ افزائی ہے۔