حقدار تک حق پہنچانا ہماری حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، وزیراعظم کے احساس پروگرام کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے اور بنیادی ضرورتوں سے محروم افراد اور مہنگائی کے ستائے ہوئے عام شہری کو ریلیف دینا ہے،

 
0
420

اسلام آباد جولائی 04 (ٹی این ایس): وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حقدار تک حق پہنچانا ہماری حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے، وزیراعظم کے احساس پروگرام کا مقصد معاشرے کے پسے ہوئے اور بنیادی ضرورتوں سے محروم افراد اور مہنگائی کے ستائے ہوئے عام شہری کو ریلیف دینا ہے، حکومت ریاست مدینہ کے تصور کے تحت عام آدمی اور نچلی سطح کے افراد کی فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے لئے پرعزم ہے، وزیراعظم کا ’’احساس پروگرام‘‘ ریاست مدینہ کے بنیادی تصور کے تحت شروع کیا گیا ہے، یہ کسی بھی سیاسی وابستگی سے بالاتر مستحقین کی امداد کا پروگرام ہے۔
جمعرات کو وہ یہاں آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کی طرف سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کر رہی تھیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملک کے دور دراز علاقوں سے آنے والے اخبار فروش فیڈریشن کے کارکنوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن کی میزبانی مجھے کرنی چاہیے مگر مجھے یہاں مہمان بنا کر مدعو کیا گیا، آج میں یہاں مہمان نہیں میزبان ہوں اس لئے تقریب کا بل میزبان ہی دیتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپ کے خون پیسے کی کمائی ہمیں خوش کرنے کے لئے ان ہوٹلوں پر نہیں لگنی چاہیے، یہ آپ کا اور آپ کے بچوں کا حق ہے۔ انہوں نے آل پاکستان اخبار فروش فیڈریشن کے کارکنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی فلاح و بہبود ہی وزیراعظم عمران خان کا وژن ہے، حکومت نے احساس پروگرام کا آغاز اسی لئے کیا ہے، ریاست مدینہ کے تصور کے تحت ہم پسے ہوئے اور نچلی سطح کے افراد کی فلاح و بہبود چاہتے ہیں اور حکومت کا بنیادی وژن ہے کہ حقدار تک اس کا حق پہنچے خواہ اس کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو، ان تک حق پہنچانا ہماری بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے کے پسے ہوئے اور بنیادی ضرورتوں سے محروم افراد، مہنگائی کے ستائے ہوئے عام شہری کی بہتری کے لئے کیسے آگے بڑھا جائے، ہم اسی سوچ بچار میں مبتلا ہیں۔ انہوں نے ٹکا خان اور ظہور خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مزدور کے حق کی بات کو ہمیشہ بہت موثر انداز میں آگے پہنچایا ہے، ہم ان کے عزم اور جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخبار فروش طبقہ معاشرے کا وہ چہرہ ہے جس کے ساتھ ہمارے معاشرے کے 70 فیصد چہرے جڑے ہوئے ہیںِ، ٹکا خان کی جدوجہد کی وجہ سے ملک کا ہر مزدور ٹکا خان ثانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی اس حکومت کا اولین وژن ہے۔