صوبے کوحقیقی معنوں میں صنعتی،تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا ہب بنائیں گے، میاں اسلم اقبال

 
0
261

لاہور جولائی 04 (ٹی این ایس): صوبائی وزیرصنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ حکومت کی معاشی اصلاحات اورٹھوس اقدامات کے باعث ورثے میں ملنے والی بیمار معیشت مستحکم ہورہی ہے۔عوام کو درپیش عارضی مشکلات جلد ختم ہوں گی۔سخت معاشی حالات کے دوران کئے گئے مشکل فیصلوں سے آنے والے وقت میںعوام کو ریلیف ملے گا۔کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کے باعث سرمایہ کار پنجاب کا رخ کررہے ہیں۔
صوبے کوحقیقی معنوں میں صنعتی،تجارتی اور معاشی سرگرمیوں کا ہب بنائیں گے۔صوبائی وزیر نے یہ بات اپنے کیمپ آفس میں تاجروںکے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر نے کہا کہ محصولات کی وصولی کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ لوگ ٹیکس دینا چاہتے ہیں تاہم وہ ٹیکس کی وصولی کے نظام میں بہتری کے خواہاں ہیں۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت ٹیکس وصولیوں کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے پرعزم ہے اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے ٹیکس وصولی کے نظام میں موثراصلاحات لائی جارہی ہیں۔
صوبائی وزیرنے حزب اختلاف کی منفی سیاست کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بجٹ پاس نہ ہونے اور حکومت گرانے کی دھمکیاں دینے والے اپنی ناکامی پر مایوسی کا شکار ہیں اور بلاامتیاز جاری احتساب کے عمل سے خوفزدہ ہیں۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے بے دردی سے قومی خزانے کو لوٹا اور عوام اس کرپٹ ٹولے کی کرپشن کی داستانوں کبھی بھلا نہیں سکتے۔
ماضی کے ادوار کی کرپشن کی کہانیاں آج بھی زبان زد عام ہیں۔ملک پر باری باری حکومت کرنے والی دو سیاسی جماعتوں نے اپنے ادوار حکومت میں ایک دوسرے پر کرپشن کے مقدمات بنائے اور آج اسی لوٹی ہوئی دولت کو بچانے کے لئے مل بیٹھے ہیں۔یہ عناصر یاد رکھیں کہ انہیں لوٹی ہوئی دولت کا حساب بھی دینا ہو گا اور یہ رقم قومی خزانے میں جمع بھی کرانا ہو گی۔انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت ورثے میں ملنے والے بے پناہ مسائل سے جرات اور بہادری کے ساتھ نمٹ رہی ہے۔انشاء اللہ ملک وقوم کو ان مسائل سے جلد چھٹکارا ملے گا۔