اپنی مٹی پر جان نچھاور کرنے والے پولیس شہداء ہمارے محسن ہیں، صلاح الدین

 
0
632

پشاور اگست 04.(ٹی این ایس )انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان نے کہا ہے کہ قوم کے مستقبل کی خاطر اپنا آج قربان کرنے والے ہمارے محسن ہیں اور ان ہی کی قربانیوں کی وجہ سے خیبر پختونخوا پھر سے روشنیوں اور پھولوں کی سرزمین بن رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نشترہال پشاور میں یوم شہداء پولیس کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر خیبر پختونخوا انجینئرافتخار جھگڑا اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔ پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دہشت گردوں کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن فورس کاکردار ادا کررہی ہے اس کے جوان اور افسران اس شان سے لڑے ہیں کہ اس کی مثال پولیس کی تاریخ میں مشکل سے ملے گی۔ اور کہا کہ اس جنگ کے لیے نہ تو ان کو خصوصی تربیت دی گئی تھی اور نہ مخصوص جنگی آلات میسر تھے ، نفری کم تھی۔ ٹریننگ کے لیے صرف ایک کالج ہنگو میں قائم تھا۔ جہاں صرف روایتی تربیت دی جاتی تھی۔ جدید اسلحہ اور آلات ناپید تھے۔ لیکن خیبر پختونخوا پویس نے اس کمی کو کبھی بھی اپنی کارکردگی کی راہ میں روکاٹ نہ بننے دیا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے بارہ سالوں کے دوران دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تقریباً1500 افسروں و جوانوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان میں سپاہی سے لیکر ایڈیشنل آئی جی تک کے رینک کے افسران شامل ہیں۔ اور اب بھی فورس کا ہر افسر و جوان قربانی کے جذبے سے سرشار ہو کر فرائض سرانجام دے رہا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس ایک طرف تو ایک غیر روایتی جنگ لڑتی رہی اور دوسری طرف اپنی استعداد کار بھی بڑھاتی رہی۔ گذشتہ چند سالوں میں افسروں و جوانوں کو ٹریننگ دینے کے لیے خصوصی ٹریننگ سنٹرز قائم کئے گئے۔ انکو جدید اسلحہ اور آلات سے لیس کیا گیا۔ روایتی ٹریننگ کے لیے مزید ٹریننگ سکولز قائم کئے گئے۔ اس کے ساتھ ساتھ دہشت گردی سے بھر پور طریقے سے نمٹنے کے لیے سی ٹی ڈی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ انٹیلی جنس ، انوسٹی گیشن، آئی ٹی اور بم ڈسپوزل یونٹس قائم کئے گئے۔ ریپڈ رسپانس فورس، سپیشل کمبٹ یونٹ، Kنائن یونٹ کا قیام عمل میں لایا گیا اور سب سے اہم یہ کہ پولیس ایکٹ2017 کے ذریعے پہلی بار پولیس کا ایسا قانون بنایا گیا جن میں پولیس کو عوام کے سامنے مکمل جوابدہ کردیا گیا ہے۔ آئی جی پی نے کہا کہ خدشات اب بھی موجود ہیں۔ لیکن ہم درست سمت میں گامزن ہیں۔ انشاء اللہ ہمارا مستقبل ہمارے آج سے کہیں زیادہ روشن ہوگا۔ آئی جی پی صلاح الدین خان نے کہا کہ اس سارے سفر کے دوران ہم اپنے شہداء کو نہیں بھولے۔ شہید پیکج میں بدستور اضافہ کیا جارتا رہا اور کل صوبائی حکومت نے شہداء پیکج کو دُگنا کرنے کاباقاعدہ اعلان بھی کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء کے ورثاء کی فلاح و بہبود اوران کو درپیش مسائل و مشکلات کو حل کرنا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں اور پہلے ہی دن سے اس مقصد کے لیے تمام متعلقہ افسران کو مسلسل ہدایات جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس شہداء پیکج اور مراعات کو مزید بڑھانا اور اُسے دوسرے صوبوں کے برابر لانے کے لیے ہر ممکن کوششیں کی جائیگی۔ آئی جی پی نے تقریب میں موجودشہداء کے ورثاء کے حوصلے اور عزم و ہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ آپ ہی ہمارے وہ عظیم بہن ، بھائی اور بچے ہیں جن کے پیاروں کی قربانی نے پوری قوم کو دوام بخشا۔ آئی جی پی نے دہشت گردوں کے سامنے سینہ سپر ہو کر لڑنے پر پولیس غازیوں کی جرات و بہادری کو بھی سلام پیش کیا اور انہیں فورس کا قیمتی اثاثہ قرار دیا۔