دبئی میں پاکستانی آموں کا تین روزہ فیسٹول 11 جولائی سے شروع ہوگا , پاکستان میں 225 اقسام کے آم پیدا ہوتے ہیں، پاکستانی قونصلر جنرل

 
0
422

اسلام آباد جولائی 08 (ٹی این ایس): متحدہ عرب امارات کے شہر دبئی میں پاکستانی آموں کا تین روزہ فیسٹول رواں ہفتے شروع ہوگا ،یہ دبئی میں پاکستانی قونصل خانے کے تعاون سے منعقد ہوگا۔دبئی میں پاکستان کے قونصلرجنرل احمد امجد علی نے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں پہلے سے پاکستانی آم مقبول ہیں، پاکستان میں 225 اقسام کی آموں کی پیداوارہوتی ہے جن میں چونسہ، سندھڑی، دوسہرہ اورانوررٹول یواے ای کی مارکیٹ میں مقبول ہیں، تین روزہ نمائش میں پاکستانی آموں کی مزید اقسام کومتعارف کرانے کی کوشش کی جائیگی۔
انہوں نے کہاکہ تین روزہ نمائش میں سفارت کار، اعلی حکومتی اہلکار، اہم بزنس مین، امپورٹرز اورریٹیلرز آئیں گے، دوسرا اورتیسرا دن عوام کیلئے ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان میں مینگوسیزن شروع ہوچکاہے، ہماری کوشش ہے کہ پاکستانی آموں کی مزید اقسام متعارف کرائی جائیں تاکہ آئندہ سال یواے کو پاکستانی آموں کی برآمدات میں مزید اضافہ کیاجاسکے۔ واضح رہے کہ رواں سیزن میں آموں کی برآمدات سے پاکستان کو 80 ملین ڈالر کازرمبادلہ ملنے کا امکان ہے۔