وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپورٹس کمپلیکس شیخوپورہ کا افتتاح کیا، سپورٹس کمپلیکس 39 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے

 
0
686

وزیراعلیٰ نے پرانے نالہ ڈیک کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا،اس منصوبے پر تقریباً 38 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئیگی
قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کئے جائینگے، ہر منصوبے کا آن گراؤنڈ جا کر جائزہ لوں گا:عثمان بزدار
جس شہر میں جاؤں گا، وہاں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقات کروں گا، شیخوپورہ کے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کی ملاقات
عوام کو سہولتیں دینے کا مشن جاری و ساری رہے گا،ماضی میں قومی خزانہ ذاتی عیاشیوں پر نہ اڑایا جاتا تو پاکستان کی حالت آج یہ نہ ہوتی
ہم قومی خزانہ کی ایک ایک پائی کے امین ہیں،کسی کو قومی خزانے میں خیانت کی اجازت نہیں دیں گے:وزیراعلیٰ
لاہور 12 جولائی (ٹی این ایس): وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے آج شیخوپورہ کے علاقے بھکھی میں قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ کا دورہ کیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 1180 میگاواٹ آر ایل این جی پاور پلانٹ کے مختلف شعبوں کا معائنہ کیااورپاور پلانٹ کے کنٹرول روم کا بھی دورہ کیا۔سیکرٹری توانائی نے وزیراعلیٰ کوپلانٹ سے بجلی کی پیداوار اورترسیل کے بارے میں بریفنگ دی۔وزیراعلیٰ نے پاور پلانٹ کے کمیٹی روم میں اجلاس کی صدارت کی۔ وزیراعلیٰ کو بتایا گیا کہ قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ اب تک 10 ارب بجلی کے یونٹ پیدا کر چکا ہے۔اس موقع پر وزیراعلیٰ کو پلانٹ کے با رے میں دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی۔وزیراعلیٰ نے پاور پلانٹ کے ایڈمن بلاک کے احاطے میں پودابھی لگایااورشجرکاری مہم کی کامیابی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سپورٹس کمپلیکس شیخوپورہ کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح کیا۔ سپورٹس کمپلیکس تقریباً 39 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے اور19 ایکڑ اراضی پر محیط سپورٹس کمپلیکس میں ہاکی، فٹ بال، ٹینس، باسکٹ بال، والی بال اور بیڈمنٹن کے کھیلوں کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔وزیراعلیٰ نے پرانے نالہ ڈیک کی بحالی کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔اس منصوبے کے تحت ڈیک ڈائیورشن چینل سے کیو بی لنک کینال تک پرانے نالہ ڈیک کی بحالی کا کام مکمل کیا جائے گا۔اس منصوبے پر تقریباً 38 کروڑ 50 لاکھ روپے لاگت آئے گی اور یہ منصوبہ اگلے سال کے وسط میں مکمل ہو گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے ڈسکہ، گوجرانوالہ، مریدکے اور فیروز والا کی زرعی اراضی کو سیلابی پانی سے بچانے میں مدد ملے گی اور ان شہروں میں بسنے والوں کی زمینوں اور جائیدادوں کو سیلابی ریلے سے نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قائداعظم تھرمل پاور پلانٹ قومی منصوبہ ہے اور اس پلانٹ سے متعلقہ ایشوز جلد حل کئے جائیں گے اوراس ضمن میں چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جا چکی ہے،یہ کمیٹی ریکروٹمنٹ اور دیگر ایشوز کا جائزہ لے کر سفارشات پیش کرے گی۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم پاور پرائیویٹ لمیٹڈ کے بورڈ کے اراکین کا جلد تقرر کیا جائے گا اور پاور پلانٹ کی نجکاری کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پاور پلانٹ کے اندر اور اردگرد مزید پودے لگائے جائیں۔ انہو ں نے کہا کہ میں ہر منصوبے کا آن گراؤنڈ جا کر جائزہ لوں گا۔ وزیراعلیٰ سے شیخوپورہ سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی و صوبائی اسمبلی نے بھی ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آپ سے ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔ جس شہر میں جاؤں گا، وہاں کے ایم این ایز اور ایم پی ایز سے ملاقات کروں گا اور آپ کے ایشوز ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولتیں دینے کا مشن جاری و ساری رہے گا اور عوام کی خدمت ہی ہمارا ایجنڈا ہے۔ماضی میں قومی خزانہ ذاتی عیاشیوں پر نہ اڑایا جاتا تو پاکستان کی حالت آج یہ نہ ہوتی۔ انہوں نے کہا کہ ہم قومی خزانہ کی ایک ایک پائی کے امین ہیں اور کسی کو قومی خزانے میں خیانت کی اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے عوام کو سہولتیں پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے۔ صوبائی وزراء ڈاکٹر اختر ملک، میاں خالد، محسن لغاری، تیمور بھٹی، حافظ ممتاز احمد، چیف سیکرٹری اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔