سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اورایم سی آئی کے متعلقہ شعبوں کی مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن شہر بھر جاری ہیں۔ اتوار کے روز تعطیل کے باوجود شہر بھر میں مختلف انسدادِ تجاوزات آپریشنز کیے گئے

 
0
343

اسلام آباد جولائی 14 (ٹی این ایس): سی ڈی اے، اسلام آباد انتظامیہ اورایم سی آئی کے متعلقہ شعبوں کی مشترکہ انسداد تجاوزات آپریشن شہر بھر جاری ہیں۔ اتوار کے روز تعطیل کے باوجود شہر بھر میں مختلف انسدادِ تجاوزات آپریشنز کیے گئے۔
ان آپریشنز میں سی ڈی اے کی زمین،فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم کی گئیں تجاوزات، عمارتوں کے گرد لگائی گئیں باڑیں، سرکاری اراضی پر قائم کی گئی پارکنگ، کار شیڈز، جنریٹرز، سیکورٹی کیبن، لان وباغیچے اور گرین بیلٹ اور خالی جگہوں پر قائم کی گئیں تجاوزات کو ختم کیا جا رہا ہے۔
اتوار کے روز کیے جانے والے انسدادِ تجاوزات آپریشن کے دوران انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 35 گھروں کے سامنے تنصیب شدہ فینس کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ 04 کمروں، 08غیر قانونی چار دیواریوں، 09 کاروں کے لیے بنائے گئے شیڈاور 20 سیکورٹی کیبن مسمار کر دیئے جبکہ سڑکوں اور فٹ پاتھوں کی رکاوٹوں کے علاوہ سیکٹر F-6/1 کی سٹریٹ نمبر35،36،37،38،44اور45-Bمین ناظم الدین روڈ سے جانوروں اور پرندوں کے پنجروں کو بھی مسمار کر دیا۔

مزید برآں سیکٹر F-6/1 میں رہائش پذیر سفارتکاروں کو بھی غیر قانونی طور پر تعمیر شدہ سیکورٹی کیبن اور دیگر تجاوزات کے ازخود خاتمے کے لیے نوٹس بھجوائے گئے ہیں۔

قبل ازیں سی ڈ ی اے نے بذریعہ پبلک نوٹس عوام الناس کو متنبہ کیا تھا کہ سرکاری اراضی،فٹ پاتھوں اور سڑکوں پر قائم کی گئیں تجاوزات، عمارتوں کے گرد لگائی گئیں باڑیں، سرکاری اراضی پر قائم کی گئی پارکنگ، کار شیڈز، جنریٹرز، سیکورٹی کیبن، لان وباغیچے اور گرین بیلٹ اور خالی جگہوں پر قائم کی گئیں تجاوزات کا از خود خاتمہ کر دیں بصورت دیگر سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔ دی گئی مہلت کے خاتمے کے بعد تمام متعلقہ شعبوں کے تعاون سے اس طرح کی تجاوزات کے خاتمے کے لیے بھر پور کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں روزانہ کی بنیاد پر آپریشن کر کے تجاوزات کا خاتمہ کیا جا رہا ہے۔