پارک انکلیو میں بھر پور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں، منصوبے کے باقی ماندہ کام کنٹریکٹ ایوارڈ ہونے کے بعد کنٹریکٹر نے مشینری موبلائیز کرنا شروع کر دی ہے

 
0
636

اسلام آباد جولائی 14 (ٹی این ایس): پارک انکلیو میں بھر پور ترقیاتی سرگرمیاں جاری ہیں۔ منصوبے کے باقی ماندہ کام کنٹریکٹ ایوارڈ ہونے کے بعد کنٹریکٹر نے مشینری موبلائیز کرنا شروع کر دی ہے۔ کنٹریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ترقیاتی کام کی تکمیل کو مقرر ہ وقت میں یقینی بنائے۔ اس منصوبے کے تحت پارک انکلیو کے باقی ماندہ انفراسٹرکچر کو ڈویلپ کیا جائے گا۔ اس منصوبے کے تحت پارک انکلیو میں باقی ماندہ روڈوں کی تعمیر، سیوریج، ڈرینج،واٹر سپلائی اور دیگر سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس ضمن میں سائٹ پر مشینری پہنچانے اور کیمپ آفس کے قیام کے بعد جوائنٹ سروئے کا کام شروع کر دیا جائے گا۔ ممبر انجینئرنگ اس منصوبے کی خصوصی نگرانی کر رہے ہیں جبکہ منصوبے کے پراجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ سائٹ پر اپنی موجودگی کو یقینی بنائے۔

مزید برآں پارک انکلیو میں پُل کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں جیو ٹیکنیکل انویسٹیگیشن کی تکمیل کے بعد ٹیسٹ پائلنگ جاری ہے جس کے بعد پُل کی مین پائلز پر کام کا آغاز کر دیا جائے گا۔ اس دوران نالے پر پروٹیکشن کے جاری کام کو بھی مکمل کر لیا جائے گا۔ اس پُل کی تعمیر کو مارچ 2020 ؁ء تک مکمل کیا جانا ہے تاہم سی ڈی اے انتظامیہ نے پروجیکٹ ڈائریکٹر کو ہدایت کی ہے کہ وہ پُل کو مقررہ مدت سے قبل مکمل کرنے کی بھر پور کوشش کریں۔

واضح رہے کہ پارک انکلیو سی ڈی اے کا ایک زیر التواء منصوبہ تھا تاہم موجودہ انتظامیہ نے زیر التواء منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے ٹھوس اقدامات اٹھائے جس کے باعث پارک انکلیو اور دیگر سیکٹروں میں ترقیاتی سرگرمیاں شروع ہو چکی ہیں۔