سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی کی جانب سے اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں، کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور مراکز کے علاوہ بڑی شاہراؤں کو کیمیکل سے دھونے اور صاف کرنے کا کام شروع کر دیا گیا

 
0
6219

اسلام آباد مارچ 26 (ٹی این ایس): ضلعی انتظامیہ کی طرف سے گذشتہ روز اسلام آباد کے ہسپتالوں، کاروباری مراکز اور بڑی شاہراؤں کو کیمیکل اسپرے اور دھونے کے فیصلے کے تناظر میں سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور ایم سی آئی نے کیمیکل اسپرے سے اسلام آباد کے مختلف ہسپتالوں، کاروباری مراکز، مارکیٹوں اور مراکز کے علاوہ بڑی شاہراؤں کو دھونے اور صاف کرنے کا کام شروع کر دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ نے وزارت صحت کے کیمیکل سپرے سے متعلق مشاورت اور ان کی طرف سے دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں مختلف ہسپتالوں، کاروباری مراکز، مارکیٹوں کے ساتھ اسلام آباد کی بڑی شاہراؤں پر کیمیکل اسپرے کا آغاز کیا ہے۔ خصوصی کیمیکل سے صفائی اور دھونے کا مقصد کرونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنا ہے۔ اس ضمن میں جمعرات کی صبح اسلام آباد کے پمز ہسپتال سے اس مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس موقع پر اسلام آباد پولیس کی بڑی تعداد نے بھی اس مہم میں بھر پور معاونت کی۔
اس مہم کے دوران فیڈرل گورنمنٹ سروسز ہسپتال (پولی کلینک) اور سی ڈی اے کے کیپٹل ہسپتال کی حدود اور گردونواح میں کیمیکل سپرے کیا گیا ہے جبکہ سپر مارکیٹ F-6، جناح سُپر مارکیٹF-7اور F-8 مرکز کے علاوہ F-8کی عدالتوں میں بھی کیمیکل سپرے کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں کیمیکل اسپرے یونین کونسل کوٹ ہتھیال بھارہ کہو میں بھی کیا گیا ہے۔
اسی طرح کیمیکل سپرے سبزی منڈی اور سیکٹر آئی الیون فور کی پناہ گاہ میں بھی کیا گیا ہے جبکہ ایم سی آئی کی جراثیم کے خاتمے کی ٹیموں کے علاوہ 1122 میڈیکل ٹیمیں اسلام آباد کے سیکٹر H-9 کی کچی آبادی میں کام کر رہی ہیں اور 02 پکٹس(Pickets)بھی اطراف میں بنا دی گئی ہیں۔
مزید برآں ضلعی انتظامیہ کی ہیلتھ ٹیمیں بھی اسلام آباد کے دور افتادہ دیہی علاقوں میں لگا دی گئی ہیں تاکہ کرونا وائرس کی علامات کے حامل افراد کی نشاندہی ہو سکے۔