اسلام آباد جولائی 16 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اور اسلام آباد انتظامیہ نے جاری انسدادِ تجاوزات مہم کے تحت شہر کے مختلف علاقوں با لخصوص26 نمبر چونگی، جی ٹی روڈ اسلام آباد پر مختلف کاروائیاں عمل میں لاتے ہوئے تجاوزات کو ختم کرنے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی تعمیرات کو بھی گرا دیا۔
سی ڈی اے اور ضلعی انتظامیہ نے 26 نمبر چونگی، جی ٹی روڈ اسلام آباد پر کا روائی عمل میں لاتے ہوئے غیر قانونی تعمیرات اور تجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے06باؤنڈری والز، 02سروس سٹیشن، 02 چھپر ہوٹل، 04کھوکھا کیبن، 05واش رومز، 06آر سی سی شیڈز، 02گیٹ اور 01 فینس کو مسمار کر کے 02ٹرک ضبط شدہ تجاوزات کا سامان انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے مین سٹور میں جمع کروا دیا۔
انسدادِ تجاوزات آپریشن کی ایک کاروائی کے دوران سیکٹر F-8/4میں غیر قانونی تعمیرات بشمول رہائشی گھروں کے باہرتعمیر کردہ 15گارڈ پوسٹس کو مسمار کر دیا اور سٹریٹ نمبر62اور64 میں لوہے کی نصب شدہ فینس کو بھی ختم کر دیا۔