سی ڈی اے اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل سمارٹ ٹریفک سگنل لگائے گا

 
0
484

اسلام آباد جولائی 16 (ٹی این ایس): سی ڈی اے اسلام آباد میں جدید ٹیکنالوجی کے حامل سمارٹ ٹریفک سگنل لگائے گا۔ پہلے مرحلے میں اس منصوبے کے تحت اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں پر 20 سمارٹ ٹریفک سگنل لگائے جائیں گے جبکہ مرحلہ وار اسلام آباد کی تمام شاہراؤں پر سمارٹ ٹریفک سگنل لگانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
ان سمارٹ ڑیفک سگنلز میں سینسر(Sensors) ہونے کے باعث یہ سگنلز خود کار نظام کے تحت سرخ، پیلا اور سبز کا نشان ٹریفک لوڈ کے مطابق روشن ہوں گے۔ گاڑیوں کی تعداد کے مطابق ٹریفک کی آمدورفت کو آسان بنائیں گے۔ اس جدید ٹیکنالوجی کی وجہ سے اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں کے ٹریفک سگنلز پر ٹریفک کے رش کو کم کرنے میں مدد ملے گی اور لوگوں کو جدید سہولت میسر ہو گی۔ یہ سمارٹ ٹریفک سگنلز بارش کے موسم میں بھی ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے مدد گار ثابت ہوں گے۔
اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں پر جدید سمارٹ ٹریفک سگنلز لگانے کا فیصلہ اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں بالخصوص زیادہ رش والے مقامات پر ہونے والی ٹریفک جام کا سدِ باب کرنا ہے کیونکہ اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں اور چوراہوں پر دفتری اوقات میں ٹریفک جام کے باعث لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پٹرتا ہے۔ سی ڈی اے نے اسلام آباد کی مختلف اہم اور میجر شاہراؤں پر 20 ایسے ٹریفک سگنلز بھی لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو سگنل کھلنے اور بند ہونے کے لیے باقاعدہ ٹائم کی نشاندہی کرینگے۔ علاوہ ازیں سی ڈی اے نے اسلام آباد کے خراب اور مرمت طلب ٹریفک سگنلز کو بھی فوری ٹھیک کرنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔
واضح رہے کہ اس وقت اسلام آباد کی مختلف شاہراؤں پر 134 ٹریکف سگنلز بشمول (Blinker Signal)نصب ہیں تاہم سی ڈی اے انتظامیہ نے ٹریفک انجینئرنگ کو ہدایت کی ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کے حامل سمارٹ ٹریفک سگنلز کی تنصیب کے منصوبے کے ساتھ موجودہ ٹریفک سگنلز کی فوری مرمت کو بھی یقینی بنایا جائے۔